بھارت نے چناب میں پانی چھوڑ دیا ، سیلابی صورتحال
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا)بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کے بعد آبی دہشت گردی جاری ہے ، بغیر اطلاع دئیے دریائے جہلم کے بعد دریائے چناب میں بھی پانی چھوڑ دیا جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے آبی جارحیت کرتے ہوئے بگلیہار ڈیم کے سپل وے کھول دئیے ، دریائے چناب میں پانی کی سطح تین گنا بڑھ گئی۔ ہیڈ مرالہ اتھارٹی کی طرف سے گزشتہ روز جاری کئے گئے چا ر ٹ کے مطابق جمعرات کے روز چناب میں پانی کی سطح 27 ہزار 112 کیوسک ریکارڈ کی گئی اور جمعتہ المبارک کے روز87ہزار 282 کیوسک ریکارڈ کی گئی اور پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے ،دریائے چناب میں نچلے سطح کے سیلاب کی کیفیت ہے جبکہ ایل او سی کے قریب مقبوضہ جموں کے علاقے اکھنور میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، شہریوں نے دریا کے قریبی علاقے خالی کرنا شروع کردئیے ہیں ۔ہیڈ مرالہ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے پانی چھوڑے جانے کی پیشگی اطلاع نہیں کی گئی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت آبی جارحیت کے موڈ میں ہے ۔