پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ نہیں ہو گی:مشاہد
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ میں شروع سے یہی کہتا رہا ہوں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ نہیں ہو گی،تین لوگوں کی وجہ سے ابھی تک جنگ نہیں ہوئی، دنیا
مہربخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمارے آرمی چیف جنرل عاصم منیر ہیں۔ جنرل عاصم منیرنے واضح کہا ہے کہ اگر بھارت نے جارحیت کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا،دوسرا،چینی صدر نے کہہ دیا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں،تیسرا بندہ امریکی صدر ٹرمپ ہے ،انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ بہت پرانا ہے ، یہ خود حل کرلیں گے ، یہ بڑی اہم بات ہے کہ تین بڑی پاور ز ،چین، روس، امریکا سب ایک پیج پر ہیں۔اقوام متحدہ میں سابق مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ خطے کی صورتحال سے ہم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو آگاہ کیا ہے ،سلامتی کو نسل کو بتانا ضروری تھا، یہ ہم نے اچھا قدم اٹھایا ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہربخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمارا مقصد یہی ہے کہ پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کو ایکسپوز کیا جائے ، دوسرے مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے کشمیریوں پرمزید ظلم بڑھا دیئے ہیں ، اس کو بھی ایکسپوز کرنا ہے ۔ تیسرا ، بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کیا ہے اس کو بھی ایکسپوز کرنا ہے ،چوتھا یہ کہ ہم نے ایسا کام کرنا ہے جس سے دنیا ہماری سپورٹ کرے ۔ پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئے ،انہوں نے کہا ہے کہ چین، روس، امریکا نے جو موقف اختیار کیا ہے اور بیلنس پوزیشن لی ہے ، اس سے بھارت پر کافی دباؤ آیا ہے ، لیکن ہمیں اب بھی خدشہ ہے کہ بھارت کسی بھی وقت شرارت کر سکتا ہے ،ہمیں الرٹ رہنا ہوگا۔