بلوچستان : بھارتی پراکسی بی ایل اے کے دہشتگروں کا بم حملہ، 7 فوجی شہید : آئی ایس پی آر

بلوچستان : بھارتی پراکسی بی ایل اے کے دہشتگروں کا بم حملہ، 7 فوجی شہید : آئی ایس پی آر

راولپنڈی،کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک، سٹاف رپورٹر)بلوچستان میں کالعدم تنظیم نام نہاد ‘بلوچ لبریشن آرمی’ کے بزدلانہ حملے میں سکیورٹی فورسز کے 7 جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی پراکسی، نام نہاد بلوچ لبریشن آرمی سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دیسی ساختہ بم سے نشانہ بناکر تباہ کیا۔

شہید ہونے والوں میں کراچی کارہائشی 42سالہ صوبیدار عمر فاروق ،ضلع کرک کا 28سالہ نائیک آصف خان ، ضلع اورکزئی کا28سالہ نائیک مشکور علی ، ضلع لکی مروت کا 26سالہ سپاہی طارق نواز اور28سالہ سپاہی واجد احمد فیض ،ضلع کرک کا22سالہ سپاہی محمد عاصم اورضلع کوہاٹ کا28سالہ سپاہی محمد کاشف خان شامل ہیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے ، اس گھنا¶نے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستانی سرزمین پر کام کرنے والے بھارت اور اسکی پراکسیز کے مذموم عزائم کو بہادر سکیورٹی فورسز اور پاکستان کی بہادر قوم ان شااللہ شکست دے گی۔دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف سمیت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ کی مذمت کی ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شہید جوانوں کی بلندی درجات کیلئے دعا کی اورکہا کہ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔دوسری طرف پشین کے علاقے بٹے زئی کے مقام پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے سب انسپکٹر زین الدین کو شہید کردیا اور فرارہوگئے ،تا ہم لیویز نے کلی نا لئی سے پو لیس اہلکا ر کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 2مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ، علاوہ ازیں ضلع مستونگ میں نامعلوم افرادکی کارپر فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت3 افراد جاں بحق ہوگئے ، لیویز حکام کے مطابق کانک سے تعلق رکھنے والے افراد اعظم، آغا محمد اور بی بی پروین مستونگ جا رہے تھے کہ نامعلوم افرادنے گولیاں مارکرشہیدکردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں