غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام ، روزگار فراہمی کیلئے اٹلی کیساتھ ایم او یو پر دستخط

غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام ، روزگار فراہمی کیلئے اٹلی کیساتھ ایم او یو پر دستخط

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ،اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان اور اٹلی کے مابین غیر قانونی امیگریشن روکنے اور پاکستانی ورک فورس کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔ وفاقی وزیر چودھری سالک حسین اور اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی نے ایوان صدر میں ایم او یو پر دستخط کئے۔

صدر مملکت آصف زرداری ، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری بھی اس موقع پر موجود تھے ،جاری پریس ریلیز کے مطا بق ایم او یو کے تحت غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے پاکستان اور اٹلی مشترکہ اقدامات کریں گے ، پاکستانی ورکرز کے اٹلی میں حقوق کے تحفظ کے حوالے سے جامع فریم ورک بنایا جائے گا، پاکستانی ہنر مندوں کی ٹریننگ، بھرتی کیلئے لیبر موبلٹی کوریڈورز کا قیام عمل میں لایا جائیگا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری سالک حسین نے کہا کہ اٹلی پہلا یورپی ملک ہے جو پاکستانی ورک فورس لینے کیلئے براہ راست ایم او یو کر رہا ہے ،ایم او یو کے تحت اٹلی میں پاکستانیوں کیلئے نوکریوں میں سالانہ کوٹہ مختص کیا جائے گا ، غیر قانونی امیگریشن روکنے کیلئے پاکستان اور اٹلی کے مابین مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔ پاکستان کنسٹرکشن، زراعت، ہاسپٹلٹی، ہیلتھ کئیر اور آئی ٹی کے شعبوں میں ہنر مند اور نیم ہنر مند ورک فورس اٹلی کو فراہم کرے گا ، صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں اٹلی کے وزیر داخلہ نے بھی وفد کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، صدر نے اطالوی وزیر داخلہ کیساتھ پاکستان کے خلاف بھارتی بلا اشتعال فوجی جارحیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسند بھارتی حکومت نے پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ، بھارت کے جارحانہ اقدامات سے خطے کے لیے خطرناک نتائج نکلیں گے ۔دریں اثنا نائب وزیراعظم وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پیانٹیدوسی نے ملاقات کی ، دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے پاکستان اور اٹلی کے تعلقات میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں