بھارت نے جو کیا ہمیں انٹیلی جنس معلومات تھیں:رانا ثنا

بھارت نے جو کیا ہمیں انٹیلی جنس معلومات تھیں:رانا ثنا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے جس طرح بھارتی طیاروں کو گرایا اس پر قوم فخر کرسکتی ہے اور قوم پاک فوج کی جوابی کارروائی سے مطمئن ہوسکتی ہے ،ہماری انٹیلی جنس کے لوگ ہائیلی پروفیشنل ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام مہربخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے انہوں نے کہا بھارت نے رات کی تاریکی میں جو بزدلانہ حملہ کیا، اس وقت بھی انٹیلی جنس معلومات ہمیں تھیں، پہلے جو بھارت نے حملے کی کوشش کی تھی اس رات کی بھی ہمیں انٹیلی جنس معلومات تھیں،ہم بھی اسکے ردعمل میں بھارت پر حملہ کرسکتے ہیں، اس پر حملہ کرنے کا حق محفوظ ہے ،اگر ہم حملہ کرتے ہیں تو ہم جسٹیفائی ہونگے ،قومی سلامتی کمیٹی میں اس معاملے پر بات ہوئی ہے ، قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو جوابی کارروائی کا مکمل اختیار دیدیا ہے ،اس اختیار کو کب، کس وقت استعمال کرنا ہے اس کا فیصلہ فوجی قیادت کرے گی۔اس موقع پرقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا بھارت نے جو حملہ کیا ہے یہ ریاستی دہشتگردی ہے ،اسکی وجہ یہ ہے کہ بھارت نے کوئی ثبوت نہیں دکھائے اور نہ ہی کسی دوسرے ممالک کو قائل کر سکا،میں پہلے دن سے کہتا رہا کہ ہمارا جواب موثر ہونا چاہئے ، نریندر مودی آر ایس ایس فاشسٹ مائنڈسیٹ کا بندہ ہے وہ ہٹلر کا پیرو کار ہے ، شہباز شریف نے بھارت کوجواب دینے کیلئے کوئی واضح بات نہیں کی،ایئر کموڈور (ر)خالد چشتی نے کہا بھارت نے پروپیگنڈا کرکے اپنی قوم کو مطمئن کرلیا ۔اب دفاعی جوابی کارروائی کے حق پاکستان کے پاس آگیا ہے ،بھارت ڈیفنس پر چلاگیاہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں