دشمن کو اچھا جواب ملا، مزید سبق سکھایا جائے :حافظ نعیم

دشمن کو اچھا جواب ملا، مزید سبق سکھایا جائے :حافظ نعیم

لاہور(سیاسی نمائندہ)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ دشمن کو اچھا جواب دیا گیا تاہم یہ کافی نہیں، قوم بھارتی جارحیت کے نتیجہ میں ہونے والی شہادتوں کے ایسے بدلے کی منتظر ہے کہ دشمن کی نسلیں یاد رکھیں اور آرایس ایس کی جنونی حکومت کو دوبارہ ایسی حرکت کرنے کی جرأت نہ ہو۔

جماعت اسلامی کے تحت آج ملک گیر یوم عزم منائیں گے ۔پوری پاکستانی قوم متحد ہے ، حکومت فوری طور پرکل جماعتی کانفرنس بلائے ۔منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے مزید کہا کہ وزرا دفاعی تجزیہ نگار بننے کی بجائے سفارتی اور میڈیا کا محاذ سنبھالیں اور عالمی سطح پر بھارتی دہشت گردی کو آشکار کریں۔ بھارت کو جواب دینا پاکستان کا استحقاق ہے اور قوم اس کی منتظر ہے ، قوم اس کی بھی منتظر ہے کہ حکومتی پارٹی کے سربراہ نواز شریف بھی بھارتی جارحیت کے خلاف بات کریں گے ۔سپریم کورٹ کے ملٹری ٹرائل سے متعلق فیصلہ پر سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ موجودہ حالات میں قوم میں تقسیم کے لیے کوئی بیان نہیں دینا چاہتے البتہ ایسے موقعوں پر سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے ، بجائے اس کے کہ ان کے گردمزید گھیرا تنگ کیا جائے ۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ساجد ناموس بھی پریس کانفرنس کے دوران موجود تھے ۔امیر جماعت نے بھارتی حملوں میں ہونے والی شہادتوں پر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور شہدا کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں