لاہور اور گردونواح میں بارش، متعدد مقامات پر ژالہ باری
لاہور،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی)لاہور اور گردونواح میں گزشتہ روز شام کے وقت تیز ہواﺅں کیساتھ بارش اور متعددمقامات پر ژالہ باری ہوئی۔
لاہور میں اتوار کو دن بھر گرم موسم کے بعد شام کو کالی گھٹائیں چھا گئیں اور آندھی کیساتھ بارش کاسلسلہ شروع ہوگیا۔ شہرمیں ساندہ ، شاہ جمال ، فاضلیہ کالونی ، اچھرہ ودیگر علاقوں میں بارش کے دوران ژالہ باری بھی ہوتی رہی۔لیسکو ترجمان کے مطابق اتوار کوبارش اور آندھی کے دوران بجلی کی فراہمی جاری رہی ،اس دوران 2169میں سے صرف29فیڈرز پر سپلائی متاثر ہوئی، بارش رکتے ہی بند ہونیوالے فیڈرز پر بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی /وسطی پنجاب، گلگت بلتستان،کشمیر اور خیبرپختونخوا میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے ا ورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ لاہور ،گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، شیخوپورہ، حافظ آباد، میانوالی، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور نواحی علاقوں میں آندھی کیساتھ بارش متوقع ہے ۔ چند مقامات پر تیز بارش /ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا ،پنجاب کے جنوبی اضلاع میں دوپہر کے وقت گرد وغبار اڑانے والی تیز ہوائیں چلتی رہیں جبکہ گلگت بلتستا ن ، کشمیر ، بالا ئی پنجاب وخیبر پختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش جوہر آباد 8،سرگودھا 2، مری ایک ،بونجی، بگروٹ 5، استور 4، گلگت 3،دیر 4، کالام 2، کاکول ایک اور راولاکوٹ میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی۔اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد، موہنجوداڑو، دادو میں 46،سبی اور رحیم یار خان میں 45ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔