جنگ بندی کے باوجود فلائٹ شیڈول متاثر، 150پروازیں منسوخ

جنگ بندی کے باوجود فلائٹ شیڈول  متاثر، 150پروازیں منسوخ

لاہور،اسلام آباد (دنیا نیوز،آئی این پی)پاک بھارت جنگ بندی اور فلائٹ شیڈول بہتر ہونے کے باوجود ملک بھر کی 150 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پاکستان بھر سے درجنوں پروازیں غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔10حج پروازیں بھی منسوخ ہوگئیں، لاہور سے 3، اسلام آباد سے 2 اور ملتان سے ایک حج پرواز منسوخ ہوئی۔حکام نے بتایاکہ مجموعی طور پر کراچی کی 45، لاہور کی 38 اور اسلام آباد کی 40 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔اسی طرح ملتان کی 10، پشاور کی 11 اور سیالکوٹ کی 6 منسوخ ہوئیں جبکہ منسوخ کی گئیں پروازوں میں 138 بین الاقوامی ہیں۔ دوسری جانب بیرون ملک پھنسے مسافروں کو وطن لایا جا رہا ہے ، قومی ائیر لائن کی پروازیں ٹورنٹو سے مسافروں کو لیکر لاہور اور کراچی پہنچیں۔دریں اثناجنگ بندی کے بعد پاکستان کیلئے 8 غیر ملکی ایئر لائنز کی پروازیں شروع ہوگئیں۔ایوی ایشن حکام کے مطابق فلائی دبئی نے کراچی، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ کی نصف سے زائد پروازیں آپریٹ کیں جبکہ امارات ایئر لائن نے بھی کراچی اور دیگر شہروں کیلئے پروازیں اڑائیں۔ اتحاد، ایئر عربیہ، گلف ایئر کی پروازوں کی بھی آمد و رفت جاری ہے جبکہ ایتھوپین اور افغان ایئر لائن کی پروازیں بھی شیڈول کے مطابق آپریٹ ہوئیں۔سلام ایئر نے بھی معطل فضائی آپریشن کی بحالی کا اعلان کر دیا جبکہ تھائی ایئر کی بھی آج سے پاکستان کیلئے پروازیں آپریٹ ہونگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں