پہلگام کا جھوٹ، بھارتی جارحیت بے نقاب، پاکستان نے ناقابل تردید ثبوت پیش کردیئے، ڈوزئیر جاری: پانی روکا تو ہمارے اقدامات دنیا دیکھے گی : فوجی ترجمان

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ کوئی پاکستان کا پانی روکنے کی جرات نہ کرے، بھارت نے پانی روکا تو پاکستان کے ردعمل کے نتائج سالوں اور دہائیوں تک محسوس کئے جائیں گے۔ بھارت خطے میں بالخصوص پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے۔
برطانوی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان پانی کے معاملے پربھارت کو واضح کرچکی ہے ، فوج کی طرف سے مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں،24 کروڑ سے زائد لوگوں کا پانی روکنے کا کوئی پاگل آدمی ہی سوچ سکتا ہے ۔ بھارت ایسا کرنے کی ہمت نہیں کرسکتا، امید کرتے ہیں ایسا وقت نہ آئے لیکن آیا تو دنیا ہمارے اقدامات دیکھے گی ۔ ہم اپنے کئے گئے وعدوں کی مکمل پاسداری کرتے ہیں، ہم سیاسی حکومت کی ہدایات کو مکمل طور پر مانتے ہیں اور ان کے عزم کا پاس رکھتے ہیں، پاکستانی فوج کی طرف سے یہ جنگ بندی برقرار رہے گی، فریقین کے درمیان رابطے میں اعتماد سازی کے اقدامات کئے گئے ہیں، اگر خلاف ورزی ہوتی ہے تو ہمارا جواب ہمیشہ ہوگا اور موقع پر ہوگا، جواب صرف ان ہی چوکیوں اور مقامات پر ہوگا جہاں سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی ہو۔احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ میں تصدیق کرسکتا ہوں کہ بھارت کا چھٹا گرنے والا طیارہ میراج 2000 ہے ، ہم نے صرف طیاروں کو نشانہ بنایا، مزید کارروائی کرسکتے تھے مگر ہم نے ضبط کا مظاہرہ کیا، حملوں کے باوجود ہمارے تمام فضائی اڈے مکمل طور پر فعال ہیں، پاک فضائیہ کے پاس ایسے وسائل ہیں جن کی مدد سے فوری طور پر اڈوں کو فعال کیا جاسکتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کی کشمیرپالیسی، ظلم وجبر اور کشمیر کو اندرونی معاملہ بنانے کی کوشش ناکام ہو چکی ہے، جب تک بھارت بات چیت نہیں کرتا اور دونوں ممالک مسئلے کا حل نہیں نکالتے تو تنازع کی آگ بھڑکنے کا خطرہ موجود رہے گا۔
بعد ازاں روسی خبررساں ادارے ’’آرٹی عریبیہ‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت تناؤ کو سمجھنے کیلئے اس کے پس منظر میں جانا ضروری ہے ، بھارت اس خطے بالخصوص پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے ، بھارت حقیقت چھپانے کیلئے جھوٹے بیانیے کے پیچھے چھپ رہا ہے۔ پہلگام واقعے کے چند منٹ بعد ہی بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا نے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا شروع کر دیا، جبکہ معاملے کی حقیقت یہ ہے کہ 2 دن قبل بھارتی ترجمانِ دفتر خارجہ سے پوچھا گیا کہ واقعہ میں کون ملوث ہے تو ان کا جواب ریکارڈ پر موجود ہے کہ تفتیش ابھی جاری ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ رویہ کہ بھارت خود منصف، جج اور جلاد بن جائے، یہی اصل مسئلہ ہے جبکہ معاملے کی حقیقت یہ ہے کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی کا اصل سرپرست بھارت ہے، چاہے وہ دہشت گردی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتی ہو یا بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد گرو ہوں سے، یہی ان کا متکبرانہ رویہ ہے۔ جہاں تک افواجِ پاکستان کا تعلق ہے، ہمیں جو مقدس ذمہ داری سونپی گئی ہے ، وہ ملک کی خودمختاری اور سرحدوں کا تحفظ ہے ، ہم نے یہ ذمہ داری پوری کی اور ہر قیمت پر کریں گے۔ بھارتی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے خود جنگ بندی کی درخواست کی تو ہم نے کہا کہ کیوں نہیں؟ ،ہماری سفارتی کور نے زبردست کام کرتے ہوئے انتہائی فہم و فراست سے غیر معمولی انداز میں عالمی برادری کو انگیج کیا، ہم پرتشدد قوم نہیں، ہم ایک سنجیدہ قوم ہیں، ہماری پہلی ترجیح امن ہے ، امریکا جیسی بڑی اور سمجھدار طاقتیں، بہتر انداز میں سمجھتی ہیں کہ پاکستان کے عوام کا جذبہ کیا ہے۔
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے معرکہ حق میں تاریخی فتح پر بھارتی جارحیت اور جھوٹ کو بے نقاب کر کے ڈوزیئرجاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق ڈوزیئرمیں آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی، پہلگام فالس فلیگ اوربھارتی جارحیت کے ناقابل تردیدشواہد پیش کئے گئے ہیں، آپریشن بنیان مرصوص کے حقائق، سیٹلائٹ تصاویر، پہلگام فالس فلیگ پر مستندبین الاقوامی میڈیارپورٹس بھی ڈوزیئر کاحصہ ہیں۔ڈوزیئر کے متن میں لکھاہے کہ پاکستان امن کاعلمبردار ہے اور اپنی سالمیت کاہرقیمت پردفاع کرے گا۔ڈوزیئر میں پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی میڈیا اور را سے منسلک سوشل میڈیااکاؤنٹس کی پاکستان مخالف منظم مہم اور فیک نیوز کے بھی ناقابل تردید شواہد پیش کئے گئے ہیں۔ ڈوزیئر میں کہا گیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے پاکستان مخالف مہم چلائی گئی، بھارتی جنگجو میڈیا نے پہلگام فالس فلیگ کے فوری بعد جھوٹی خبریں پھیلائیں، بھارتی میڈیا نے گمراہ کن پروپیگنڈا کر کے جنگ کا ماحول بنایا ۔ پاکستان کی جانب سے بھارت کوپہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کیلئے مخلصانہ کاوشوں کا بھی ذکرہے اوربتایاگیاکہ بھارتی جارحیت اور بزدلانہ حملے میں معصوم پاکستانی بچے ، عورتیں اورشہری شہید ہوئے ۔ڈوزیئرمیں بھارتی نقصانات کی تفصیل ناقابل تردید شواہد کے ساتھ پیش کی گئی ہے ۔سفارتی ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان نے مکمل شواہد کے ساتھ ڈوزیئر جاری کرکے سفارتی محاذ پر بھی کامیابی حاصل کرلی ہے۔