مریم نواز سے ترکیہ سفیر کی ملاقات، بھارتی جارحیت پر پاکستان کی حمایت پر اظہار تشکر

مریم نواز سے ترکیہ سفیر کی ملاقات، بھارتی جارحیت پر پاکستان کی حمایت پر اظہار تشکر

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے گزشتہ روز ملاقات کی،مریم نواز نے نذیراوغلو کا پرخلوص و پر تپاک خیر مقدم کیا اوربھارتی جارحیت پر ترکیہ کی پاکستان کی دوٹوک حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، علاقائی امن اور ثقافتی روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم نواز نے کہاکہ پاکستان ترکیہ کی بھارتی جارحیت پر سفارتی،اخلاقی اور اسٹریٹجک سطح پر غیرمتزلزل یکجہتی پر سپاس گزار ہے ،صدررجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ہم اچھے اور برے وقت میں پاکستان کے ساتھ ہیں دلوں میں نقش ہو چکا ہے ، سب پاکستانی ترکیہ کے بہن بھائیوں کیلئے دلی محبت اور عقیدت رکھتے ہیں،ترکیہ کی بھارتی جارحیت پر حالیہ غیر مشروط حمایت پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ،تجارت کو مزید تقویت دینے کیلئے ترکیہ کے ساتھ اشتراک کار بڑھائیں گے ۔ پنجاب ترکیہ کے ساتھ دوستی کو معاشی تحریک میں بدلنے کیلئے مکمل طورپرتیارہے ،پنجاب کے پاس برآمدات کی بے مثال صلاحیت، سرمایہ کار دوست،انفراسٹرکچراور دیگر بہترین مواقع موجود ہیں ،ترکی اور پاکستان کی مذہبی و ثقافتی ہم آہنگی نمایاں ہے ۔ بعدازاں مریم نواز نے عجائب گھر کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ عجائب گھر محض اینٹوں اور پتھروں کی عمارتیں نہیں بلکہ اقوام کی یادداشت، تہذیبی شعور و تاریخ کے محافظ ہوتے ہیں،میوزیم ہمیں اپنی تہذیب، فنون، اقدار اور جدوجہد کی جھلک دکھاتے ہیں،عجائب گھر ماضی اور حال کے درمیان ایک پل ہیں۔ اُن تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو ورثے کے تحفظ،تحقیق میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں