نواز شریف کی ہدایت پر بھارت کیخلاف کامیابی ملی، ایازصادق

 نواز شریف کی ہدایت پر بھارت کیخلاف کامیابی ملی، ایازصادق

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ، آئی این پی)مسلم لیگ ن کے رہنما و سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف کامیابی ٹیم ورک سے ملی ہے اور ٹیم کو ہدایات نواز شریف نے دی تھیں اور وزیراعظم شہباز شریف کی مشاورت شامل تھی۔۔۔

 ہمارے جوانوں نے جانوں کے نذرانے دیکر پاکستان کو اس جنگ میں بھی محفوظ رکھا۔بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت این اے 120 کے علاقے جلو موڑ باٹا پور میں18ارب روپے سے سیوریج، واٹر سپلائی ودیگر سہولیات فراہمی کے منصوبوں کے افتتاح پر کیا۔ایاز صادق کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کیخلاف پورا پاکستان اپنی افواج کے ساتھ کھڑا ہوگیا، قومی اسمبلی میں بھی سب جماعتوں نے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ملکی دفاع کیلئے پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں،ہماری بہادر افواج نے دشمن کو ہر محاذ پر پسپا ہونے پر مجبور کیا، دنیا کو بتا دیا کہ ملکی دفاع بہت مضبوط ہے ، مسلح افواج کے سربراہان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ایاز صادق نے کہا جلو موڑ سے قائداعظم انٹرچینج، لکھو ڈیر محمود بوٹی تک سیوریج منصوبہ لاہور کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جسکے تحت جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف 20 میٹر چوڑے پائپ لگائے جائینگے اور 2300 گلیاں تعمیر کی جائینگی۔حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لا رہی ہے ،لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبے عوامی بہبود کیلئے سنگ میل ثابت ہونگے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے خطا ب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے علاقے میں برساتی پانی اور سیوریج کے دیرینہ مسائل حل ہو جائینگے ۔ مریم نواز قوم کی بیٹی بن کر کام کر رہی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں