وزارت خارجہ کی سفارتی کمیٹی کو پاک بھارت کشیدگی پربریفنگ
اسلام آباد (وقائع نگار،دنیانیوز)پاک بھارت کشیدگی کے بعد بھارتی جارحیت اور پروپیگنڈے کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کیلئے قائم کردہ سفارتی کمیٹی کو وزارت خارجہ میں بریفنگ دی گئی، بعدازاں سفارتی کمیٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزارت خارجہ نے اعلیٰ سطح کے وفود کے ساتھ موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی،جسکے بعداس پربات چیت کی گئی اور پاکستان اور بھارت کے درمیان مستقبل کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کیلئے جلد وفد اہم دورہ کرے گا اور بھارت کی حالیہ جارحیت پر پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے رکھے گا۔ بعدازاں مشاورتی اجلاس میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ، سینیٹر شیری رحمن اورحنا ربانی کھر شریک ہوئے جبکہ مسلم لیگ ن سے معاون خصوصی طارق فاطمی اور خرم دستگیر نے شرکت کی۔ایم کیو ایم کی نمائندگی سینیٹر فیصل سبزواری نے کی،جلیل عباس جیلانی اور تہمینہ جنجوعہ نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں طے پایا کہ کمیٹی یورپ اور دیگر اہم ممالک کا دورہ کرے گی اور دنیا کو پاکستانی موقف اور بھارتی جارحیت سے آگاہ کرے گی۔