میر علی واقعہ میں بھارتی حمایت یافتہ خوارج ملوث : آئی ایس پی آر

میر علی واقعہ میں بھارتی حمایت  یافتہ خوارج ملوث : آئی ایس پی آر

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا سکیورٹی فورسز کے خلاف بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات گردش کر رہے ہیں جو کہ ایک منظم اور گمراہ کن مہم کا حصہ ہیں۔

 19 مئی کو شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کے نتیجے میں شہری جانوں کا ضیاع ہوا جس کے بعد بعض حلقوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے خلاف بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات گردش کر رہے ہیں یہ الزامات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں اور ایک منظم گمراہ کن مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں مصروف سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور کوششوں کو بدنام کرنا ہے ۔ان الزامات کے جواب میں فوری طور پر جامع تحقیقات کا آغاز کردیا گیا، جس کی ابتدائی رپورٹ سے واضح ہوا ہے کہ یہ بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی فتنہ پرست تنظیم الخوارج کی جانب سے کی گئی،یہ عناصر اپنے بھارتی آقاؤں کے اشارے پر دہشت گردی کی وارداتیں کر رہے ہیں، شہری علاقوں اور معصوم عوام کو ڈھال بنا کر ان مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں، ان کا مقصد سکیورٹی فورسز اور مقامی آبادی کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے تاہم عوام اور سکیورٹی ادارے مل کر دہشتگردی کی جڑیں اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔ سکیورٹی فورسز اس عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ اس انسانیت سوز فعل میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں