آپریشن ہوگاتو تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینگے :بیرسٹر عقیل
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا جنگ میں بھارت کومنہ کی کھانی پڑی، بھارت اپنی پراکسیزکے ذریعے دہشت گردی کررہا ہے ، دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہورہے ہیں۔
ملک میں اگرکوئی بڑا آپریشن ہوتا ہے توتمام جماعتوں کواعتماد میں لیا جائے گا، ملک میں بھارت ہندوتوا ایجنڈے کے تحت دہشت گردی پھیلا رہا ہے ،کشمیراورسندھ طاس پرپاکستان کی پوزیشن واضح ہے ۔دنیا نیوزکے پروگرام‘‘ٹونائٹ ود ثمرعباس’’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں سے بات کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی، بانی پی ٹی آئی اوران کی جماعت خود اپنے موقف میں واضح نہیں، مقتدرہ کہہ چکی ہے کہ سیاسی معاملات میں ہمیں شامل نہ کیا جائے ۔بانی پی ٹی آئی کوسیاسی جماعتوں کے ساتھ ہی بات چیت کرنی پڑے گی، تحریک انصاف سپیکرآفس کو مذاکرات سے متعلق آگاہ کر دے ، جس کے دل میں چورنہیں ہوتا وہ پولی گرافک ٹیسٹ کروا لیتا ہے ۔سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہم نے متحد ہو کربھارت سے جنگ جیت لی ہے ،ہم نے صرف دفاعی نہیں،سفارتی ،دیگر محاذوں پر بھی جنگ جیتی ہے ،عوام مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں ،ہم چاہتے ہیں کہ ادھر کے بچے بھی پڑھیں اورادھر کے بھی،بلوچستان میں جو بربریت کو جائز کہے گاانہیں بھی دہشت گردوں کی طرح ٹریٹ کریں گے۔
ہم بھارتی پراکسی وار کا جواب دیں گے ، بھارت میں کم ظرف وزیر اعظم مسلط ہے ،بھارت کم ظرف اور گھٹیادشمن ہے ،دہشت گردوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کی جارہی ہیں، جارحانہ کارروائی ہما را حق ہے لیکن ابھی ہم دفاعی پوزیشن پر ہیں۔ ملک میں نام نہاد لبرلز کو بھی ٹھیک کرنا پڑے گا، خضدار واقعے کے بعد پھر قومی اتحاد کی فضا واپس آگئی ہے ۔ اسٹیبلشمنٹ کبھی پی ٹی آئی سے بات نہیں کرے گی اورفیض حمید کا کورٹ مارشل ہونا ہے ، فیض حمید کو کم از کم 14 سال قید کی سزا ملے گی۔جب فوج والے اپنے بندے کو نہیں چھوڑیں گے تو کیا باقی بچ جائیں گے ؟،سیاست غیرمتعلقہ ہوگئی، سیاست دانوں نے رول بھی ادا نہیں کیا، جو لیڈرشپ ڈیموکریٹک سسٹم سے ملنا تھی وہ آرمی چیف کی شکل میں ملی، فیلڈ مارشل نے سب کو متحد کر دیا اور پاکستان کا جھنڈا فخر سے لہرایا، اس کا کریڈٹ تو فیلڈ مارشل کو دینا چاہیے ۔ عید کے بعد تحریک انصاف میں بہت سی تبدیلیاں ہوسکتی ہیں، جیسے ایم کیوایم پاکستان ویسے ہی پی ٹی آئی پاکستان بن چکی ہے ۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا حکومت کے ساتھ ہمارے مذاکرات ہورہے ہیں نہ ہوں گے ، عمران خان کی رہائی کیلئے ہمار ااحتجاج ہوگا،تحریک انصاف کے تمام صوبائی صدور کو احتجاج کی تیاری کا کہہ دیا ہے ،احتجاج سے متعلق ابھی کسی تاریخ کا نہیں بتایا جا سکتا۔