توشہ خانہ ٹو:بشریٰ کا پیشی سے انکار، بیانات ریکارڈ نہ ہو سکے

توشہ خانہ ٹو:بشریٰ کا پیشی سے انکار، بیانات ریکارڈ نہ ہو سکے

راولپنڈی، اسلام آباد (خبر نگار، اپنے رپورٹر سے ) توشہ خانہ ٹو کیس میں ملزمہ بشریٰ بی بی کی عدم پیشی پر چار گواہوں کے بیانات ریکارڈ نہ ہو سکے ، سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے سینٹرل جیل اڈیالہ میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کمرا عدالت میں پیش ہوئے جبکہ بشریٰ بی بی نے احتجاجاً کمرا عدالت میں آنے سے انکار کرتے ہوئے جیل حکام کو جواب دیا منگل کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی گئی اس لیے عدالت نہیں آؤں گی ۔

 عدالت نے سماعت کیلئے ساڑھے 3گھنٹے انتظار کیا۔ جج نے بشریٰ بی بی کے عدالت نہ آنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے آئندہ سماعت پر ملزمہ بشریٰ بی بی پیش نہ ہوئیں تو ان کی ضمانت منسوخی کے احکامات جاری کر دونگا ۔ پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نے بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخ کرنے پر اصرار کرتے ہوئے دلائل دیئے عدالت اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کے بغیر ہی کیس آگے بڑھائے ۔ عدالت نے ملزمہ کو حاضری کا موقع دیتے ہوئے سماعت 3جون تک ملتوی کر دی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد احمد نے 26 نومبراحتجاج پر درج مقدمات میں پی ٹی آئی ورکرز کیلئے وکلاء کی عدم دستیابی پر سٹیٹ کونسل مقرر کرتے ہوئے شریک ملزم عثمان علی کی بریت کی درخواست خارج کردی۔ دوران سماعت عدالتی طلبی کے باوجود پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی وکیل ورکرز کے کیسز میں پیش نہ ہوا۔

عدالت نے مقدمہ نمبر 976 میں کفایت اللہ ایڈووکیٹ کو سٹیٹ کونسل مقررکیا جس نے استغاثہ کے 6 گواہان پر جرح مکمل کر لی،آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر اور اسسٹنٹ کمشنر پر جرح ہوگی۔ سپیشل پبلک پراسیکیوٹر عثمان رانا نے کہا ملزم سے ریکوری اور درست شناخت پریڈ بھی ہوئی۔ استدعا ہے ملزم کی درخواست خارج کی جائے ، عدالت نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزم عثمان علی کی بریت درخواست خارج کر دی اور کہا ملزم اگلی تاریخ پر ہر صورت جرح کرے ،عدالت نے دونوں کیسز کی سماعت 2 جون تک ملتوی کردی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاداحمد کی عدالت میں الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کے مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان، علی عمران ایڈووکیٹ کی بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کرلیے گئے ۔ بیرسٹر گوہر ، عمر ایوب کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں۔ آئندہ سماعت پر دیگر بریت کی درخواستوں پر دلائل دیئے جائیں گے ،دونوں کیسز کی سماعت 21 جون تک ملتوی کردی گئی۔ 9مئی کے 11 مقدمات کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی۔ شیخ رشید سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں