پی ٹی آئی کو یہاں انصاف کی توقع نہیں تو مریخ پر چلے جائیں:عظمیٰ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ فتنہ پارٹی کے لوگ آج بھی جھوٹ بول رہے ہیں اور ان کا رونا دھونا جاری ہے ،سمبڑیال میں مریم نواز کی خدمت کی سیاست کو ووٹ ملے۔۔۔
پی ٹی آئی کو یہاں انصاف کی توقع نہیں تو مریخ پر چلے جائیں۔ ضمنی الیکشن سے قیدی نمبر 804 کا بیانیہ ناکام ہو گیا ہے ، پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہاکہ سمبڑیال، پنجاب اور پورے پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، گالم گلوچ، فتنہ فساد کا بیانیہ مسترد ہو گیا، عوام نے تخریب کاروں کے بیانیے کو مسترد کیا ہے ، پچھلی بار سمبڑیال کی یہ سیٹ 10 ہزار کی برتری سے جیتی گئی تھی،اس بار38ہزارکی برتری حاصل کی ہے ۔پی ٹی آئی والے آج بھی اداروں کے خلاف سیاست کرنے میں مصروف ہیں۔ عوام نے گالم گلوچ کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے ، ان کو سوشل میڈیا پر جیتنے اور بڑھکیں مارنے کی عادت ہے ، ان کی کال پر پنجاب سے ایک چڑیا باہر نہیں نکلتی لیکن خیبرپختونخوا سے سرکاری ملازم باہر نکل آتے ہیں، ان کو آج مکافات عمل بھگتنا پڑ رہا ہے ، ن لیگ نے اس بار یہ سیٹ 38 ہزار کی برتری سے حاصل کی ہے ۔