جی ڈی پی گروتھ 6فیصد کرنے کیلئے 5سالہ ترقیاتی پلان

جی ڈی پی گروتھ 6فیصد کرنے کیلئے 5سالہ ترقیاتی پلان

اسلام آباد (کامرس رپورٹر ، وقائع نگار)آئندہ وفاقی بجٹ میں 5 سالہ ترقیاتی پلان کی منظوری دی جائے گی، اڑان پاکستان کے تحت وفاق اور صوبے 17083 ارب روپے نیشنل ڈویلپمنٹ پر خرچ کریں گے۔

 وفاق 7020 ارب اور صوبے 10063 ارب روپے  خرچ کریں گے ، پانچ سالہ ترقیاتی پلان کے تحت جی ڈی پی گروتھ 6 فیصد حاصل کی جائے گی، برآمدات کا ہدف 63 ارب ڈالر رکھا گیا اور مہنگائی کی شرح 6.2 فیصد تک محدود کی جائے گی۔ دستاویز کے مطابق بے روزگاری کی شرح 5 فیصد اور تعلیمی اخراجات بڑھا کر جی ڈی پی کا 4 فیصد تک رکھا جائے گا، ملک بھر میں صحت کی سہولیات فراہم اور شرح خواندگی 85 فیصد تک حاصل کی جائے گی ۔ 2029 تک الیکٹریکل وہیکل کا مارکیٹ میں شیئر بڑھا کر 25 فیصد تک مقرر کیا گیا، ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت دگنی، 60 فیصد بجلی متبادل ذرائع سے حاصل کرنے کا پلان ہے ، مالی سال 2027 کے دوران جی ڈی پی گروتھ 5.1 فیصد، 2028 کے دوران 5.7 فیصد اور 2029 تک 6 فیصد مقرر کرنے کا پلان ہے ۔ زرعی شعبے کی گروتھ مالی سال 2027 کے دوران 4.4 فیصد، 2028 کے دوران 4.6 فیصد اور 2029 تک 5.1 فیصد مقرر کرنے کا پلان ہے ۔

صنعتی شعبے کی گروتھ مالی سال 2027 کے دوران 6.2 فیصد، 2028 کے دوران 6.8 فیصد اور 2029 تک 6.9 فیصد مقرر کرنے کا پلان ہے ۔ خدمات کے شعبے کی گروتھ 2027 کے دوران 5.0 فیصد، 2028 کے دوران 5.7 فیصد اور 2029 تک 6.2 فیصد مقرر کرنے کا پلان ہے ، انویسٹمنٹ ٹو جی ڈی پی 15.6 فیصد، 2028 کے دوران 16.4 فیصد اور 2029 تک 17 فیصد مقرر کرنے کا پلان ہے ۔ نیشنل سیونگ کا ہدف جی ڈی پی کے لحاظ سے 2027 کے دوران 15.1 فیصد، 2028 کے دوران 15.6 فیصد اور 2029 تک 15.8 فیصد مقرر کرنے کا پلان ہے ۔ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے ماہانہ ترقیاتی پلان کی لانچنگ تقریب میں وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا وفاقی کابینہ نے خود کو غیر ذمہ دارانہ اخراجات نہ کرنے کیلئے پابند کیا ہے ،کرپشن کے خاتمے کیلئے ایک ہاٹ لائن قائم کر رہے ، شہری عوامی پیسے کے خورد برد کی شکایت کر سکیں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں