ٹیکس بڑھانے کی تجاویز مسترد، عوام پر بلاوجہ بوجھ ڈالنے نہیں دینگے : مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں)پنجاب میں نان رجسٹرڈ ریسٹورنٹ اور شادی ہالوں کی فوری رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبے بھر میں واقع چھوٹے بڑے ریسٹورنٹ اورشادی ہالوں کی رجسٹریشن کے لئے اقدامات کی ہدایت کی-وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے خصوصی اجلاس میں ریسٹورنٹ اور شادی ہالوں کی رجسٹریشن کے فیصلے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران ٹیکس بڑھانے کی تمام تجاویز مسترد کردیں ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ٹیکس نہیں ، ٹیکس نیٹ ورک بڑھائیں ۔ مریم نوازنے کہا ٹیکس بڑھا کر عوام پر بلاوجہ بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ رجسٹریشن کرانے والے کو سزا مل جائے اور ٹیکس چوری کرنے والے مزے کرتے رہیں،یہ نہیں ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا عام آدمی پر مالی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے ، دو لاکھ روپے تنخواہ لینے والا ٹیکس دیتا ہے اور کروڑوں آمدن والا ٹیکس نہیں دیتا۔ انہوں نے پنجاب ریونیواتھارٹی، مائنز اینڈ منرل اور دیگر ڈیپارٹمنٹ کو ریونیو کے نئے مواقع دریافت کرنے کا حکم بھی دیا ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز کاستھرا پنجاب کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوگیا۔عید الاضحی کے موقع پرمختصر وقت میں بہترین صفائی کا ریکارڈقائم ،ہر چھوٹے بڑے شہر میں عوام بروقت صفائی دیکھ کر نہال ہوگئے اور وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم کو سراہتے رہے ۔
مریم نواز نے صفائی پر اطمینان کااظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عید، دوسرے اور تیسرے روز صفائی کے انتظامات کی ذاتی طورپر بھرپور مانیٹرنگ میں مصروف رہیں انہوں نے صوبہ بھر سے صفائی ستھرائی کے انتظامات پر مثبت ردعمل ملنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو شاباش دی۔ ہر ڈویژن میں کمشنر، ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر او ر ہر تحصیل میں اسسٹنٹ کمشنر صفائی انتظامات کے لئے خود فیلڈ میں نکل آئے ۔ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے گھر گھر جا کر چیکنگ کی اور عوام سے فیڈ بیک لیا ۔ پہلی مرتبہ پنجاب کے 10ریجن،41اضلاع اور146 تحصیلوں میں تاریخ کا سب سے بڑا کلین اپ آپریشن کیا گیا۔ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں قائم مرکزی کنٹرول روم سے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی گئی، پہلی مرتبہ کولیکشن پوائنٹ بنا کر ہر گھر کے باہر سے ڈسپوزیبل تھیلوں میں موجود آلائشیں اٹھانے کا انتظام کیاگیا۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے تخمینے سے زائد یعنی 100فیصد سے زائد آلائشیں اکٹھی کر کے بروقت تلف کرنے کا بہترین انتظام کیا۔
رپورٹ کے مطابق عید کے پہلے روز ایک لاکھ11ہزار 121ٹن،دوسرے روز ایک لاکھ 12ہزار 161ٹن اور تیسرے روز 10ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اٹھا کر تلف کی گئیں۔مریم نواز نے کہا عوام کی خدمت کے معیار پر پورا اترنے پر تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں، ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں کے افسروں اور عملے کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ، الحمدللہ عوام کی خدمت کی روایت کا ایک اور سنگ میل عبور ہوا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا عیدالاضحی پر پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ بالخصوص ستھرا پنجاب کے ورکرز نے متحرک ہوکر اپنے فرائض دیانتداری سے سر انجام دیئے ،پنجاب بھر میں آلائشیں اٹھائیں،گلی محلوں کی صفائی کی اور سڑکوں کو فنائل اور عرق گلاب سے دھویا گیا۔ انہوں نے تاریخی صفائی آپریشن پر ضلعی انتظامیہ اور ستھرا پنجاب کے ورکرز کوشاباش دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ورلڈ برین ٹیومر ڈے پر اپنے پیغام میں کہا برین ٹیومر خاموش مگر تباہ کن بیماری ہے ،خاموش بیماریوں کے خلاف عوامی شعور و آگاہی کی بیداری ہی اصل طاقت ہیں ،نواز شریف کینسر ہسپتال کینسر اور ٹیومرز کے مریضوں کے لئے امید بنے گا۔