شدید گرمی کی لہر برقرار پارہ 50ڈگری کے قریب

شدید گرمی کی لہر برقرار پارہ 50ڈگری کے قریب

اسلام آباد (نیوزایجنسیاں )ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے ،درجہ حرارت 50 ڈگری کے قریب پہنچ گیا جبکہ پنجاب میں جاری گرمی اور ہیٹ ویو کی صورتحال 13 جون تک برقرار رہنے کا امکان ہے اوران دنوں میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری تک زیادہ رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بھکر میں درجہ حرارت 49.5 ڈگری رہاجبکہ 53 ڈگری محسوس کیا گیا،ڈیرہ غازی خان اور نور پور تھل میں درجہ حرارت49 ڈگری سینٹی گریڈ رہا،گوجرانوالہ ، کوٹ ادو، منڈی بہاؤالدین ،سرگودھا اورشہید بینظیرآبادمیں درجہ حرارت 47 ریکارڈ کیا گیا، لاہور، فیصل آباد، گجرات، خان پور، ملتان، اوکاڑہ، رحیم یار خان، بہاولپور،لاڑکانہ ،سیالکوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ اسلام آباد اورپشاور میں پارہ 43.5 ڈگری تک پہنچ گیا،مظفر آبادمیں 40.5،کراچی اور کوئٹہ میں 33.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری طرف پی ڈی ایم اے نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ شدیدگرمی کی موجودہ لہر 13جون تک برقرار رہے گی۔ بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کی خصوصی دیکھ بھال کریں اور ہیٹ سٹروک سے بچا ؤکیلئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔سخت دھوپ میں مشقت اور ورزش سے گریز کریں۔غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلیں،ہلکے رنگ کا سوتی لباس پہنیں۔ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں