لاہورمیں زیر زمین واٹر ٹینک منصوبے تاخیر کا شکار
لاہور(شیخ زین العابدین)مون سون کی آمد ہے لیکن لاہور میں زیرِ زمین واٹر ٹینک منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔ 30 جون کی ڈیڈ لائن سر پر آ چکی، فزیکل پراگریس مایوس کن حد تک پیچھے ہے۔
کریم پارک راوی روڈ پر زیر تعمیر واٹر ٹینک کی لاگت 58 کروڑ 90 لاکھ روپے رکھی گئی، لیکن کام سست روی کا شکار ہے ۔ بی بلاک تاجپورہ میں ایک ارب 12 کروڑ 50 لاکھ روپے کے منصوبے پر کام تخمینے سے بہت پیچھے ہے ۔ اسی طرح ریلوے سٹیشن کے قریب واٹر ٹینک کی تعمیر پر 32 کروڑ 94 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا، مگر کارکردگی مایوس کن رہی۔کوپر روڈ اور وارث روڈ پر 15، 15 لاکھ گیلن گنجائش کے ٹینکس پر بالترتیب 25 کروڑ 34 لاکھ اور 27 کروڑ 18 لاکھ روپے کی لاگت سے کام جاری ہے، مگر سست روی ان منصوبوں کو بروقت مکمل ہونے سے روک رہی ہے۔ رسول پارک اور فروٹ سبزی منڈی اقبال ٹاؤن واٹر ٹینک منصوبوں پر بھی تعمیراتی پیش رفت کی صورتحال تشویشناک ہے ۔ تاجپورہ، کریم پارک اور ریلوے سٹیشن کے منصوبے کام کے لحاظ سے سب سے پیچھے ہیں۔ اگر زیر زمین سٹوریج ٹینکس بروقت مکمل نہ ہو سکے تو مون سون بارشوں کا پانی ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ اربن فلڈنگ کے خطرات میں بھی کئی گنا اضافہ ہو جائے گا۔