پنجاب :الیکٹرک بسوں کیلئے 2ہزار چارجنگ سٹیشنز بنانے کا فیصلہ
لاہور(اپنے نامہ نگار سے )صوبہ میں الیکٹرک بسوں کیلئے دو ہزار چارجنگ سٹیشنز قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ابتدائی طور پر چھ سوالیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔چیف سیکرٹری کی تمام ڈپٹی کمشنرز کوالیکٹرک چارجنگ سٹیشنز، بس ڈپو کیلئے موزوں مقامات کی نشاندہی کی ہدایت دی ہے ۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق تمام شہروں میں جدید سفری سہولیات کیلئے الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی۔منصوبے کے ذریعے شہری بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے ، ڈپٹی کمشنرز کو پبلک ٹرانسپورٹ میں اوور لوڈنگ کیخلاف مہم شروع کرنیکی ہدایات جاری کی گئی ہیں،زاہد اختر زمان نے افسران کو حکم دیا کہ اراضی ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن جلد مکمل کی جائے ۔