پنجاب اور سندھ سے ’’را ‘‘ کے 10 ایجنٹ گرفتار
لاہور، کراچی (کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی سکیورٹی اداروں نے سندھ اور پنجاب سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے 10 ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا، تحقیقات کے مطابق ملزم ریلوے اسٹیشن، مساجد اور اہم تنصیبات پر حملوں کی تیاری کررہے تھے۔
ایس ایس پی سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کراچی شعیب میمن نے بتایا کہ گرفتار ملزموں کا تعلق سجاول سے ہے ، ملزم بھارتی کرنل رنجیت کے ساتھ رابطے میں تھے۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب شہزاد سلطان کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنٹوں کو بہاولپور اور بہاولنگر سے حراست میں لیا گیا، موبائل فونز اور بھارتی آفیسرز کی آڈیوز بھی پکڑی گئیں۔ایس ایس پی سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ شعیب میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ حساس ادارے اور ایس آئی یو نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے 4 ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا ۔ ملزموں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد بھی ملا ہے ، چاروں ملزم بھارتی خفیہ ایجنسی را کیلئے کام کرتے تھے اور بھارتی فوج کے کرنل رنجیت کے ساتھ رابطے میں تھے ۔ ملزموں کا کام حساس فوجی تنصیبات کی تصاویر، جیو ٹیگ لوکیشن دینا تھا، ملزموں کے فون میں سے بھارتی نمبرز اور پاکستانی حساس تنصیبات کی تصاویر ملی ہیں۔ ملزموں کے قبضے سے کار اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ، ایڈیشنل آئی جی پنجاب شہزادہ سلطان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے اہم آپریشن کیا، سی ٹی ڈی نے ‘را’ کے 6 سہولت کار گرفتار کئے ، اس آپریشن کا نام ‘‘آپریشن یلغار’’ رکھا گیا۔
بہاولپور سے را کے سہولت کار کو گرفتار کیا، بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے 2 بھارتی جاسوس گرفتار کیے ، بھارتی میجر رویندرا نے سہولت کاروں کو بارڈر کے قریب بلا کر آئی ای ڈیز فراہم کیں، آئی ای ڈیز سے مسجد کو نشانہ بنایا جانا تھا۔بھارتی ایجنسی ایجنٹوں کو کرپٹو کرنسی کے ذریعے فنڈنگ کرتی رہی، برانچ لیس بینکنگ کی مدد سے بھی فنڈنگ کی گئی، میجر رویندرا اور انسپکٹر سنگھ کے نام سے بھارتی آفیسرز کی شناخت ہوئی۔ بطور ریاست اس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھائیں گے ، بھارتی خفیہ ایجنسی ٹی ٹی پی کو فنڈنگ کرکے میانوالی اور ڈی جی خان میں دہشتگردی میں ملوث ہے ، پنجاب سے پکڑے جانے والے نیٹ ورک کا کراچی سے پکڑے جانے والے نیٹ ورک سے کوئی لنک سامنے نہیں آیا، بھارتی خفیہ ایجنسی را کے پکڑے جانیوالے تمام ایجنٹس پاکستانی شہری ہیں۔سی ٹی ڈی پنجاب نے واضح کیا ہے کہ ریاست پاکستان کی سلامتی کے خلاف کسی بھی سازش کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔