ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ ہم اس سے غافل ہیں: وزیراعظم کا یوم تکبیر پر پیغام

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ 28 مئی یوم تکبیر کا دن پاکستان کی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جب پوری قوم نے غیر متزلزل عزم، قومی وحدت اور بے مثال جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹمی قوت ہونے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ 28 مئی 1998ء کو چاغی کے سنگلاخ پہاڑوں میں کئے گئے ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں کامیاب جوہری دھماکے کئے، خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا، دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم اپنے دفاع سے ہر گز غافل نہیں اور نہ ہی اس پر کوئی سمجھوتہ ہوگا۔

محمد شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا یوم تکبیر قومی خود داری اور دفاع وطن کے ناقابل تسخیر عزم کی علامت ہے، یہ دن گواہی دیتا ہے کہ مملکت خداداد کا دفاع آہنی ہاتھوں میں ہے، دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ہماری بہادر مسلح افواج جدید ترین ہتھیاروں سے لیس مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کیلئے پر عزم ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ہم اپنے اس عزم کو ثابت کر چکے ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں