وزیراعلیٰ کا یوم عاشور پر خدمت کا نیاریکارڈ،پنجاب کی تاریخ کے بڑے انتظامات
لاہور(دنیانیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے محرم کے موقع پر امن وامان، صفائی، عوام اور عزاداروں کی خدمت کا نیا ریکارڈ قائم کردیا،پنجاب کی تاریخ کے محرم الحرام کے سب سے بڑے انتظامات کئے گئے ،عزاداروں کے جلوسوں، مجالس کی بھرپور سکیورٹی جاری ہے۔
ایک لاکھ 8ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں ،انتظامیہ، پولیس،ریسکیو اور دیگر اداروں کا بے مثال اشتراک کار عمل جاری ہے ۔محرم الحرام میں پہلی مرتبہ فیک نیوز کے سدباب کیلئے سائبر پٹرولنگ بھی کی جا رہی ہے ۔صوبائی، ڈویژن اور ڈسٹرکٹ میں جامع مانیٹرنگ کے لئے 24گھنٹے کنٹرول روم کام کررہے ہیں ،عزاداروں کو خوراک اور پانی فراہم کیا گیا۔فیلڈ ہسپتال، کلینکس آن ویلز سمیت پورا طبی عملہ موجود رہاہے ۔ وزیر اعلیٰ نے یوم عاشورہ پراپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسینؓ اوران کے جلیل القدر رفقاء کو سلام پیش کرتے ہیں،اہل بیت سے محبت ہر مسلمان کے عقیدے اور ایمان کاجز ہے ، شہادت حسین ؓ محض رنج و الم کا استعارہ نہیں بلکہ تحریک حیات ہے ،امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی تاریخ عالم کا درخشاں باب ہے ۔مٹانے والے خود مٹ گئے ،حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھی ہمیشہ کے لئے امر ہوگئے ۔ محرم الحرام ہمیں انفرادی اصلاح، اجتماعی فلاح اور باہمی اتحاد کا پیغام دیتا ہے ۔