ایف بی آر میں اے آئی کسٹمز کلیئرنس سسٹم متعارف ، نظام میں شفافیت آئیگی : شہباز شریف

ایف بی آر میں اے آئی کسٹمز کلیئرنس سسٹم متعارف ، نظام میں شفافیت آئیگی : شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار، اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی کسٹمز کلیئرنس سسٹم متعارف کرادیا گیا۔

وزیر اعظم نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایف بی آر کی جانب سے مصنوعی ذہانت(اے آئی)پر مبنی کسٹمز کلیئرنس اور رسک مینجمنٹ سسٹم(آر ایم ایس)متعارف کرائے جانے کوسراہتے ہوئے کہا ہے اس سے کاروبار میں آسانی اور ٹیکس دہندگان کیلئے سہولت ہوگی جبکہ نظام میں مزید شفافیت آئے گی۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار ایف بی آر کی جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے نئے نظام کو مربوط اور پائیدار بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کی اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،انسانی مداخلت کم ہونے سے نظام مزید موثر اور وقت و پیسے کی بچت ہوگی۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے ایف بی آر اور انٹیلی جنس بیوریو کی ٹیکس وصولیوں میں اضافے کیلئے اقدامات کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہے ملکی ٹیکس آمدن میں اضافے کیلئے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔پیر کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کو ایف بی آر اور انٹیلی جنس بیورو کی جانب سے ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف آپریشنز پر رپورٹ پیش کی گئی ۔رپورٹ کے مطابق انٹیلی جنس بیورو اور ایف بی آر کی مشترکہ کوششوں سے 178 ارب روپے کی ریکوری ممکن ہوئی۔

دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف سے اماراتی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی اتصالات گروپ کے سی ای او حاتم داویدارکی زیر قیادت پانچ رکنی وفدنے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اتصالات گروپ کو پاکستانی معیشت کے مختلف سیکٹرز میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کی ۔ وزیراعظم نے کہا حکومت اس سلسلے میں تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔ حاتم داویدار نے کہا ہم پاکستان میں مستقبل کیلئے طویل المدتی اور کامیاب سرمایہ کاری کے لیے پر عزم ہیں۔ شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے بھی ملاقات کی ۔ وزیر داخلہ نے یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر کی صورتحال اور سکیورٹی کے حوالے سے جئے گئے انتظامات پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ مریم نواز، مراد علی شاہ، علی امین گنڈاپور، میر سرفراز بگٹی اور وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر چودھری انوار الحق، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان کو یوم عاشور کے موقع پر اپنے اپنے علاقوں میں مؤثر سکیورٹی انتظامات کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صوبائی انتظامیہ، پولیس، سکیورٹی فورسز اور رینجرز کی پذیرائی کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں