زرعی منصوبے :دوسرے مرحلے کی منظوری ،کسانوں کو100ارب قرض دینگے:مریم نواز
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محکمہ زراعت کے پراجیکٹس کے فیز ٹوکے آغاز کی اصولی منظوری دے دی، کسانوں کو فیز ٹو میں6لاکھ 28ہزارکسان کارڈ زکے ذریعے 100ارب روپے کے بلاسود قرضے دئیے جائیں گے ۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ زراعت کا خصوصی اجلاس گزشتہ روز ہوا، اجلاس میں سی ایم سپیشل پراجیکٹس فیز ٹو کی منظوری دی گئی،پوٹھو ہار میں ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پروگرام کے تحت 500منی ڈیم اور250آبی ذخائر کے پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا اور کسان کارڈ فیز ٹو کے تحت 100ارب روپے کے بلاسود لون دینے پراتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے گندم کے کاشتکار کوامدادی نرخ پر زرعی مداخل کی فراہمی کیلئے پلان طلب کرلیا۔انہوں نے کہا کہ گندم کے کاشتکار کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،فصل کی کاشت سے پہلے نیا پراجیکٹ دیں گے ،اجلاس میں گندم کی ان پٹ لاگت کم کرنے کیلئے ایڈوانس سبسڈی کی تجاویز پر غورکیا گیا،مریم نواز نے ملتان، سرگودھا، بہاولپور میں ماڈل ایگریکلچر مال جولائی میں فنکشنل کرنے کی بھی ہدایت جاری کردی۔بریفنگ میں بتایاگیاکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پرکسان کارڈ فیز ٹو میں ایک ہزار روپے پراسیسنگ فیس ختم کردی گئی،کسان کارڈ فیز ٹو کیلئے 4200زرعی سپلائرز کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی۔ گرین ٹریکٹرپروگرام فیز ٹو کے تحت 20ہزار ٹریکٹرسبسڈی پر ملیں گے ،اگست میں گرین ٹریکٹر سکیم کے لئے د رخواستوں کی وصولی شروع ہوگی،ستمبر میں مینوفیکچرنگ اور ڈسٹری بیوشن کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ فیصل آباد،جھنگ،اوکاڑہ،خانیوال،راجن پور،وہاڑی،رحیم یار خان،شیخوپورہ، اٹک اورمیانوالی میں ماڈل ایگریکلچر مال بنیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کاشتکاری کیلئے پانی کی بچت کیلئے واٹر کورسز کی لائنگ کے پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی۔