صدر زرداری کو ہٹانے کی خبریں جعلی :رانا احسان افضل

صدر زرداری کو ہٹانے کی خبریں جعلی :رانا احسان افضل

لاہور(دنیا نیوز)وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل خان نے کہا ہے کہ صدر زرداری کو ہٹانے کی خبریں جعلی ہیں، یہ سوشل میڈیا کی مس انفارمیشن ہے ، جھوٹی خبر کو پھیلانے کا مقصد کنفیوزن پھیلانا ہے۔

 انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ا س نیوز کی پہلے دن سے سختی سے تردید کی تھی، پیپلز پارٹی نے بھی اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان کو ئی اختلاف نہیں ہے ، ابھی پیپلز پارٹی نے فنانس بل پر حکومت کو سپورٹ کیاہے اورووٹ بھی دیا ہے ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان تمام معاملات بہتر اندازمیں چل رہے ہیں،27 یوٹیوب چینل کو جو بلاک کیا گیا ہے اس کی پہلی وجہ تو یہ ہے کہ جعلی خبریں اور غلط معلومات پھیلاتے تھے ،دوسری وجہ یہ ہے کہ ان کے پروپیگنڈے سے قومی سلامتی کوبھی خطرہ تھا،یہ لوگ جعلی خبریں پھیلا کر عوام اور اداروں میں فاصلے بڑھا رہے تھے ۔ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ عمران خان کو کرپشن کیس میں سزا ہوئی ہے ، تحریک انصاف عمران خان کو رہا کروانے کیلئے اب احتجاج کا پروگرام بنا رہی ہے ، اگرتحریک انصاف کوئی تحریک چلاتی ہے اس کا حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، حکومت تحریکوں اور دھرنوں سے نہیں گرتی۔سلیمان اور قاسم اگر اپنے والد سے ملنے کیلئے آتے ہیں تو ان کو کوئی کچھ نہیں کہا جائے گا کیونکہ فیملی ممبران کا ملنا حق ہے ، اگر یہ دونوں احتجاج یا کسی تحریک میں شامل ہوتے ہیں تو پھر گرفتار ہوں گے ۔ماہر معاشی امور ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا ہے کہ معاشی طور پر پاکستان درست سمت میں جارہا ہے ، پاکستان کا مالیاتی خسارہ بھی سنبھل رہا ہے ، افراط زر نیچے آگئی ہے ، یہی وہ چیزیں تھی جس کی وجہ سے آئی ایم ایف کو انگیج کیا گیا، پہلے پاکستان میں ڈیفالٹ کی باتیں ہورہی تھی، ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کمزور ہو ر ہا تھا، انفلیشن 29 فیصد پر تھی،آج یہ حالات بالکل بدل گئے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ معیشت پہلے سے زیادہ بہتر ہو چکی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں