بھارتی سیاسی قیادت کو جنگ بندی ہضم نہیں ہو رہی:ڈار
اسلام آباد،کوالالمپور (وقائع نگار، نیوز ایجنسیاں )نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت نے خود سیز فائر کی درخواست کی تھی ، بھارت سے ملٹری ٹو ملٹری سیز فائر ٹھیک چل رہا مگر اس کی سیاسی قیادت کو جنگ بندی ہضم نہیں ہو رہی، شاید ان پر ملک میں دباؤ بہت زیاد ہے۔
کبھی کہتے ہیں عارضی سیز فائر ہے ، کبھی کہتے ہیں یہ ٹریلر تھا ابھی فلم چلنا باقی ہے ، ہم نے تو اپنا حساب چکا دیا ،ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلگام وا قعہ کے 4 روز بعد وزیراعظم نے بھارت کو تحقیقات کی پیش کش کی، لیکن اب تک اس کا جواب نہیں آیا ،بھارت نے ہمارے خلاف جو اقدامات کئے ہم نے بھی وہی اقدامات بھارت کے خلاف کئے ، اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے باور کرادیا کہ بھارت پاکستان کا پانی روک سکتا ہے اور نہ رخ موڑا جا سکتا ہے ، کسی کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دیں گے ،نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے اس بار دنیا بھر میں بھارتی بیانیہ ناکام بنایا، 22 اپریل سے 6 مئی کے دوران 29 ممالک کے دارالحکومتوں سے بات کی اور انہیں باور کرایا کہ بھارت غلط بیانی کر رہا ہے ، دہشت گردی کے سب سے بڑے متاثر ہم ہیں، ہمارے 80 ہزار لوگ شہید ہوچکے ہیں، 150 ارب ڈالر کے معاشی نقصانات ہوچکے ہیں ۔
انہوں نے کہا 2017 میں دہشت گردوں کا جو کلین اپ کیا تھا اس کی ناکامی کے ذمہ دار بھی ہم خود ہیں جب ہم نے کابل میں جاکر کہا ہم چائے کا کپ پینے آئے ہیں اور پھر ٹی ٹی پی کے بھاگے ہوئے دہشت گردوں کے لیے سرحدیں کھول دیں اور خطرناک دہشت گردوں کو جیلوں سے رہا کردیا تو ہمیں ماننا پڑے گا کہ دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا ہے ، حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور جو کچھ کرنا پڑا کریں گے ۔انہوں نے کہا معاشی سفارت کاری ہوگی، اب وقت آگیا ہے کہ ہم معیشت اور 24 کروڑ عوام کی بہتری کے لیے کام کریں ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی پائلٹس کو واضح ہدایت تھی کہ بھارتی طیارے ہماری حدود میں نہ آئیں تو انہیں نشانہ نہ بنایا جائے ، لیکن اگر وہ اپنی حدود میں رہ کر پے لوڈ گرائیں تو واپس نہیں جانے چاہئیں ،نائب وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہر پاکستانی پاکستان کا سفیر ہے ، پاکستانی برادری سے مل کر خوشی ہوئی، پاکستانی کی معاشی صورتحال انتہائی خراب تھی، خراب معاشی صورتحال کے باوجود ہم نے ٹیک آف کیا ۔ت
رجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملائشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم ،برطانوی ،ویتنامی، کمبوڈیا کے وزرائے خارجہ سے سائیڈ لائن ملاقاتیں کیں ، ملائشیا کے وزیراعظم کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ کمبوڈیائی ہم منصب سے ملاقات میں تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق ہوا، جب کہ دونوں رہنمائو ں نے دوطرفہ روابط کو ہر سطح پر فروغ دینے پر زور دیا ، برطا نوی وزیر خارجہ سے ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، اور عوامی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔ ویتنامی وزیرخارجہ سے بھی دو طرفہ تعلقات تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور عوام سے عوام کے تعلقات کو بڑھانے پر توجہ دی گئی۔ اسحاق ڈار نے باہمی طور پر آسان تاریخوں پر جلد ویتنام کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کی ہے ۔