26ارکان کیخلاف سپیکر ریفرنس،حکومت واپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل

26ارکان کیخلاف سپیکر ریفرنس،حکومت واپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل

لاہور،پشاور( نیوزایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے معطل ارکان کیخلاف ریفرنس کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل پا گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی کمیٹی میں مجتبیٰ شجاع  الرحمان، سلمان رفیق، رانا ارشد، سمیع اللہ،احمد اقبال ، علی حیدر گیلانی، شافع حسین اور شعیب صدیقی شامل ہیں جبکہ اپوزیشن کی جانب سے اپوزیشن لیڈر احمد بھچر مذاکراتی ٹیم کی قیادت کر ینگے ، مذاکرتی کمیٹی کا دوسرا سیشن آج ہو گا، مذاکرات کامیاب ہونے پر سپیکر معطل ارکان کیخلاف ریفرنس ڈراپ کر سکتے ہیں۔دوسری طرف سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے پنجاب اسمبلی کے سپیکر کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ 26 اپوزیشن اراکین پنجاب اسمبلی کو معطل کیا گیا ہے ، معلوم ہوا ہے کہ ان 26 ممبران کو نااہل کرنے کی بھی درخواست جمع کی گئی ۔ ممبران کی معطلی کے بعد ان کے خلاف نااہلی کا اختیار استعمال کرنا ٹھیک نہیں، ممبران کو نااہل کرانا آئین کا غلط استعمال کرنے کے مترادف ہوگا۔ یہ اقدام منتخب اراکین کی بے توقیری سمجھی جائے گی، ہمیں ہر صورتحال میں تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ سیاسی استحکام برقرار رکھتے ہوئے چلنے کی ضرورت ہے ۔ اسمبلی کا یہ اقدام ایک غلط روایت طے کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں