پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی لانچ، ہر ظلم پر نظر، منافع خور بھی نہیں بچیں گے : مریم نواز
لاہور(اپنے نامہ نگار سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی پہلی پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی(پیرا)لانچ کر دی۔ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی اگلے ہفتے سے لاہور ڈویژن میں پوری طرح سرگرم عمل ہوگی۔ پنجاب بھر میں پیرا دسمبر تک لانچ کر دی جائے گی۔
ایکسپو سنٹر لاہور میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے پیرا فورس سے ملاقات کی،گاڑیوں اور موٹر بائیکس کامعائنہ کیا۔ مریم نواز نے خواتین ایس ڈی ای او کو دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے پیرا سٹیشن تھری ڈی ماڈل، ہتھیار، حفاظتی آلات، شیلڈ اور دیگر گیجٹ کا معائنہ اور بٹن دبا کر ٹوکن حاصل کرنے اور شکایت کے اندراج کے عمل کا مشاہدہ بھی کیا۔تقریب میں پیرا کے چاک وچوبند دستے نے مارچ پاسٹ اور مارشل آرٹ کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پیرا ٹریننگ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے چار افسران کو سرٹیفکیٹ دیئے ۔ ڈی جی پیرا کیپٹن (ر)فرخ عتیق نے اتھارٹی کی غرض وغایت تفصیل سے بیان کی۔ ڈی جی نے تقریب کے شرکا کو بتایا لاہور ڈویژن کے بعد پیرا ، دسمبرتک صوبے بھر میں پوری طرح فعال ہوکر فرائض سرانجام دے گی۔ پیرا پنجاب بھر میں مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف منظم کارروائیاں کرے گی۔ پیرا ، صوبے بھر میں زمینوں پر ناجائزقبضوں کو واگزار کرانے کے لئے کارروائی کرے گی۔پیرا ، قبضہ مافیاکے خلاف کمزور طبقے اور انویسٹر کا حکومت پر اعتماد بحال کرے گی۔
اتھارٹی کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا میری اور عوام کی نظر پیرا پر ہوگی اورپیرا کی نظر مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات پرہوگی۔ پیرا کو اب عوام کا اعتماد جیتنا ہے ۔ لوگ زندگی بھر کی کمائی سے زمین کا ایک ٹکڑا خریدتے ہیں، انہیں قبضہ مافیا سے بچانا ہے ۔ پیرا ظلم کے خلاف مظلوم کے لئے ڈھال بنے گی۔پیرا کے ذریعے قانون کے نفاذ سے پنجاب میں نیا دور شروع ہوگا۔ پیرا کا ہر افسر اور جوان مظلوم کا محافظ اور ظالم کے لئے دہشت کی علامت بنے گا۔چند ماہ پہلے پیرا کے آئیڈیا کو عملی شکل اختیار کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں۔ آٹھ ماہ کی قلیل مدت میں پیرا کے قیام کا خیال حقیقت کا روپ دھار چکا ہے ۔ انہوں نے کہا سی ایم بننے پر ادراک ہوا مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب میں کوئی باقاعدہ اد ارہ نہیں۔ پرائس کنٹرول مینجمنٹ کے لئے کمشنر، ڈی سی اور ریونیور ڈپیارٹمنٹ کی خدمات لی جاتی تھیں۔ کب تک انتظامیہ مہنگائی، منافع خوری اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے بھاگتی رہے گی۔ پرائس کنٹرول اور تجاوزات کی صورتحال کا حقیقت پسندانہ تجزیہ کرکے پیرا کے قیام کا فیصلہ کیا۔ پیرا کے قیام سے پنجاب کے گلی محلے میں قانون کے نفاذسے انقلاب برپا ہوگا۔ پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ اور تحصیل میں پیرا سٹیشن قائم کریں گے ۔پیرا فورس میری آنکھ اور کان ہیں۔فورس ہر ظلم پر نظر رکھے گی اور ذخیرہ اندوزی، تجاوزات کے خاتمے کے لئے اپنا کام سرانجام دے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا منافع خوروں کو کھلا چھوڑیں گے تو قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوجائیں گی۔پنجاب میں منافع خوربھی اب پیرا کی نظروں سے نہیں بچ سکیں گے ۔ مریم نواز نے کہاقانون صرف غریبوں کے لئے نہیں ہوتا، طاقتور لوگوں پر بھی یکساں طور پر لاگوہونا چاہیے ۔اب ہر کمزور کے ساتھ ریاست کھڑی ہوگی، فرسودہ سوچ بدلنے کا وقت آگیا ہے ۔ پیرا فورس کو کہتی ہوں کہ ہمیشہ ایمانداری سے کام کرنا۔ کرپشن سے کمایا پیسہ نقصان کا باعث اور بیماریوں پر لگتا ہے جبکہ حلال آمدن میں برکت ہے ۔ انہوں نے کہا مہنگائی اور دیگر عوامل پر 24/7اور 12ماہ کام ہونا چاہیے تھا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے چھاپوں کے لئے لوگ رکھے ہوتے تھے اور وہ لوگ بھتہ لے رہے تھے ، نقصان عوام کو پہنچتا تھا۔تجاوزات کی وجہ سے تنگ بازاروں میں رش اورہجوم میں خواتین کو ہراساں کیا جاتا تھا، اب ایسے نہیں ہوگا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے لاہورشہر کا اچانک ہنگامی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مصری شاہ، لکشمی چوک اور دیگر علاقوں میں نکاسی آب کی صورتحال کا جائز ہ لیا۔
انہوں نے نکاسی آب کی صورتحال کو مزید بہتر اور تیز تر بنانے کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں طغیانی پر ڈی جی خان کی انتظامیہ اور اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے راجن پور اور دیگر علاقوں میں برسات کی وجہ سے جمع پانی کی نکاسی کی ہدایت کی اور تونسہ کے علاقوں میں سیلابی ریلے آنے سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کارروائیوں کا حکم دیا۔ مریم نواز کی زیر صدارتاپنی چھت اپنا گھر پروگرام سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ پروگرام سے اب تک51 ہزار سے زائد خاندانوں کا خواب حقیقت بنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کی رفتار مزید تیز کرنے کا حکم دیا ۔ مریم نواز نے کہا جس دن ایک غریب کے سر پر چھت آ جاتی ہے اس دن ریاست کامیاب ہو جاتی ہے۔روایتی سیاست کا دروازہ بند کیا اور خدمت کا در کھول دیا ہے۔