آئی ایم ایف کے تحفظات،چینی کی درآمد میں بڑی کمی:3لاکھ کے بجائے صرف50ہزار میٹرک ٹن چینی منگوانے کا نیا ٹینڈر جاری
اسلام آباد(کامرس رپورٹر، دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف )کے چینی کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ دینے پر تحفظات سامنے آنے کے بعد چینی کی درآمد میں بڑی کمی کرتے ہوئے 3 لاکھ کے بجائے صرف 50 ہزار میٹرک ٹن چینی منگوانے کا نیا ٹینڈر جاری کردیا گیا۔
ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو اجراء کے 4 روز بعد ہی 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی کے درآمدی ٹینڈر پر نظرثانی کرنا پڑ گئی، ٹی سی پی نے 50 ہزار میٹرک ٹن چینی کی درآمد کا نظرثانی ٹینڈر جاری کر دیا،انٹرنیشنل سپلائرز سے 50 ہزار ٹن چینی کی درآمد کیلئے 22 جولائی تک بولیاں طلب کی گئی ہیں، اس سے قبل ٹی سی پی نے 11جولائی کو 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کا ٹینڈر جاری کیا تھا، ٹی سی پی نے 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے 18 جولائی تک بولیاں طلب کی تھیں۔اب درآمد کی جانے والی چینی 25 ہزار میٹرک ٹن کی دو کھیپوں میں طلب کی گئی ہے جو یکم سے 15 اگست کے دوران روانہ ہو گی، خریدی گئی پوری مقدار کو 30 اگست تک پاکستان پہنچنا لازمی ہے ۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ ہفتے 7 لاکھ میٹرک ٹن تک چینی درآمد کرنے کی اجازت دی تھی اور درآمد پر ٹیکس استثنیٰ دیا گیا جس کے بعد ٹی سی پی نے چینی کا درآمدی عمل شروع کیا تھا۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)نے چینی کی درآمد پرٹیکس چھوٹ کے معاملے پر تحفظات ظاہر کیے ہیں اور اسے معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے ،ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ جیسے اقدامات سے 7 ارب ڈالر قرض پروگرام متاثر ہونے کا خدشہ ہوسکتا ہے ،آئی ایم ایف کے تحفظات پر حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ چینی کی درآمد فوڈ ایمرجنسی کے تحت کی جا رہی ہے تاہم آئی ایم ایف نے حکومتی وضاحت مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چینی درآمد پر ٹیکس چھوٹ آئی ایم ایف معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل وزارت غذائی تحفظ نے بتایا تھا کہ حکومت اور شوگر انڈسٹری کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو ہوگی۔ذرائع وزارت غذائی تحفظ کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اس وقت 27.50 روپے کے ٹیکسز بھی عائد ہیں، کرشنگ سیزن سے قبل چینی کی فی کلو قیمت بڑھا کر 171 روپے تک مقرر کرنے کا فیصلہ ہوا ہے ،چینی کی قیمتوں میں 15 اکتوبر تک مزید اضافہ ریکارڈ ہو گا،چینی کی قیمتوں میں اضافہ 15 اگست سے 15 نومبر تک ہو گا،ہر پندرہ دنوں کے بعد چینی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے کا اضافہ ہو گا، چار ادوار میں چینی کی قیمت 165 روپے سے بڑھ کر 171 روپے تک پہنچے گی، 15 اکتوبر کے بعد چینی کی قیمتیں نہیں بڑھیں گی اور 7 نومبر کو کرشنگ سیزن شروع ہو گا،وزارت فوڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ اضافی قیمت پر چینی فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی، تمام صوبوں کو چینی کی قیمتیں مانیٹر کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔
دریں اثنا وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے ) کے ساتھ اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس کا مقصد حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ایکس مل قیمت پر موثر عملدرآمد اور ملک بھر میں چینی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔ اجلاس میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین، سینئر اراکین اور وزارت کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔اس موقع پر چینی کی قیمتوں پر تفصیلی غور کیا گیا اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ عوام تک چینی کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا،شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کے فیصلے کو سراہا اور قیمتوں کے استحکام کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی،ایسوسی ایشن نے 165 روپے فی کلو ایکس مل قیمت پر چینی کی فراہمی پر رضامندی ظاہر کی، توقع ہے کہ چینی کی قیمتوں میں کمی کے اثرات آئندہ دو سے تین دن میں مارکیٹ میں واضح ہونا شروع ہو جائیں گے ۔
اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے ، چینی کی مناسب قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے ۔ چینی کی ریٹیل قیمت کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا اور ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے لئے ایک موثر حکمتِ عملی تیار کی گئی ہے تاکہ چینی کی وافر فراہمی مسلسل جاری رکھی جا سکے ۔ دوسری جانب کراچی میں چینی 175روپے کلو ایکس مل قیمت پر مل رہی، ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رؤف ابراہیم نے کہا شوگرملز مالکان نے حکومتی معاہدے کو ہوا میں اڑا دیا ہے ۔
شوگر مافیا نے فی کلو چینی کی ایکس مل قیمت 10روپے زائد رکھ کر حکومت کی رٹ کو کھلا چیلنج دے دیا ہے ۔ شوگرملوں نے 4روز کے بعد منگل کو سپلائی بحال کی ہے لیکن تھوک مارکیٹ میں آج 185روپے فی کلو پر بھی چینی دستیاب نہیں ، 165روپے ایکس ملز فارمولے پر عمل درآمد سے فی کلوگرام چینی کی تھوک قیمت 168روپے جبکہ خوردہ قیمت 172 سے 175روپے ہونی چاہیے ۔دریں اثنا ریٹیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین فرید قریشی نے بتایا کہ منگل کو فی کلوگرام چینی کی ریٹیل قیمت 200 روپے رہی ہے ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے دنیا نیوز سے گفتگو کے دوران بتایا کہ چینی کی قیمتوں کو بڑھنے نہیں دیا جائے گا،حکومت نے قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایات جاری کی ہیں۔