حمیرا کی موت سے قبل14افراد سے رابطے کی کوشش
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی) ڈیفنس فیز 6 کراچی میں معروف ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ پولیس کے مطابق حمیرا کی موت 7 اکتوبر 2024 کو واقع ہوئی۔
تفتیش کے دوران ان کے تین موبائل فونز، ایک ٹیبلٹ، ڈائری اور دیگر ذاتی اشیاء برآمد ہوئیں۔ڈیجیٹل ڈیٹا سے انکشاف ہوا کہ اداکارہ نے موت سے چند گھنٹے قبل 14 افراد سے رابطہ کیا، جن میں ایک ڈرامہ ڈائریکٹر بھی شامل ہے ، مگر کسی نے جواب نہیں دیا۔ 10 افراد کو واٹس ایپ پر "ہیلو" اور "بات کرنا چاہتی ہوں" کے پیغامات بھی بھیجے گئے ۔تینوں موبائل فونز پر ان کے نام کی سمز رجسٹرڈ تھیں، جن میں 2215 نمبرز محفوظ تھے جبکہ 75 نمبرز سے مسلسل رابطے کی نشاندہی ہوئی۔ حیران کن طور پر ٹیبلٹ اور ایک فون کا پاسورڈ اداکارہ نے اپنی ڈائری میں لکھ رکھا تھا، جس سے مکمل ڈیٹا حاصل کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق موت کے وقت اداکارہ نائٹ سوٹ میں تھیں، کمرے سے گیلے کپڑے ، خشک ٹب، پھٹے ہوئے ملبوسات، استعمال شدہ سگریٹ پیک اور فلٹر ملے ، مگر کوئی دوا برآمد نہیں ہوئی۔ ان کے ہاتھ سینے سے چمٹے ہوئے تھے ۔اداکارہ نے اپنی ملازمہ کو کچھ عرصہ قبل فارغ کر دیا تھا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مرحلہ وار شواہد کی جانچ کے بعد ہی اصل وجوہات کا تعین ممکن ہوگا۔ پولیس نے واقعے کو قتل قرار دیے جانے کے خدشے پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی جا چکی ہے ۔