ٹڈاپ میگا کرپشن سکینڈل:گیلانی ودیگر تمام ملزم بری،مقدمے بنانیوالے آج میرے اتحادی:چیئرمین سینیٹ

ٹڈاپ میگا کرپشن سکینڈل:گیلانی ودیگر تمام ملزم بری،مقدمے بنانیوالے آج میرے اتحادی:چیئرمین سینیٹ

کراچی (سٹاف رپورٹر)وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے مزید 14 مقدمات میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سمیت تمام نامزد ملزموں کو بری کر دیا۔

 عدالت نے قرار دیا کہ شواہد کے مطابق نہ صرف ملزموں کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں بلکہ ان کے اکاؤنٹس میں رقم منتقل ہونے کا بھی کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔ عدالت نے کہا کہ ملزم طویل عرصے سے ان مقدمات کا بوجھ اٹھا رہے تھے ، ملزم بھی اس عرصے میں دعائیں کر کر کے تھک گئے ہونگے ۔ وکیل فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یوسف رضا گیلانی کے خلاف 2013-14کے دوران ایک ہی نوعیت کے الزامات پر 26 مقدمات قائم کیے گئے ، ان کے خلاف کوئی براہ راست گواہ موجود نہیں ،فوجداری مقدمات میں بھی سول مقدمات کی طرح فیصلہ سنانے کے لیے ایک مقررہ مدت ہونی چاہیے تاکہ برسوں جیلوں میں سڑنے والے بے گناہ افراد کو انصاف مل سکے ، اگر مقررہ مدت میں فیصلہ نہ آئے تو ملزم کو مقدمے سے فارغ کر دینا چاہیے ۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی بریت سے زیادہ ان افراد کے لیے خوشی ہے جو بے گناہ ہوتے ہوئے برسوں سے ان مقدمات میں پھنسے رہے ۔ ہم نے عدالت سے گزارش کی کہ ان کے قریبی ساتھی اور مرحوم رہنما مخدوم امین فہیم کو بھی بری کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے میرے خلاف مقدمات بنائے آج میں ان کا اتحادی ہوں اور انہیں چھوڑ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا ہم مشکل وقت میں اپنے اتحادیوں کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے ۔ ایف آئی اے نے ٹڈاپ میگا کرپشن اسکینڈل کے 26 مقدمات یوسف رضا گیلانی و دیگر کے خلاف درج کئے تھے ، جن میں سے 12 مقدمات میں یوسف رضا گیلانی بری ہوچکے تھے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں