ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز کا آپریشن مکمل بند،اثاثے نیلام کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزارت صنعت و پیداوار نے ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز کو مستقل طور پر بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق 31 جولائی سے یوٹیلیٹی سٹورز پر تمام خرید و فروخت کے آپریشنز مکمل طور پر ختم کر دئیے جائیں گے ۔
حکومت کے فیصلے کے تحت تمام فعال سٹورز پر موجود سٹاک کو ویئر ہاؤسز میں منتقل کیا جائے گا جبکہ آئی ٹی سامان اور دیگر اثاثوں کی شفاف نیلامی کی جائے گی۔کرا یہ پر حاصل کیے گئے سٹورز کو یکم اگست سے خالی کرنے کے نوٹسز بھی جاری کیے گئے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملازمین کے لیے رضاکارانہ علیحدگی (وی ایس ایس) پیکیج کی فراہمی کی ہدایت بھی کی تھی جس کا تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا۔یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین نے حکومت سے 29 ارب روپے سے زائد کے پیکیج کا مطالبہ کر رکھا ہے ۔وزارت خزانہ کا موقف ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین کو پیکیج سے نکالاجائے ۔ 6 ہزار 200 کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کیلئے بھی 6 ارب سے زائد روپے مانگ رہے ہیں ۔یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے اس وقت مستقل ملازمین 5217 ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن نے وینڈرز کی ادائیگی کیلئے 18 ارب روپے مانگے ہیں۔