چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ،کئی شہروں میں آج بارش

چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ،کئی شہروں میں آج بارش

لاہور،سیالکوٹ،پشاور ،اسلام آباد (اے پی پی،نمائندہ دنیا ، اپنے رپورٹرسے )پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں نچلے ودرمیانے درجے ، دریائے سندھ میں بعض مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ ملک کے کئی علاقوں میں گز شتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش ہوئی،پختونخوا میں بارش کے باعث چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے ،لاہور سمیت کئی شہروں میں آج بارش متوقع ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق دریائے چناب میں  ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ،ہیڈ خانکی کیلئے پانی کا اخراج 86 ہزار 454 کیوسک ہے ۔ نالہ ایک، نالہ ڈیک، نالہ پلکھو، نالہ بھیڈ معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں ، دریائے جہلم، راوی اور ستلج میں بھی پانی کا بہا ؤنارمل ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں 38ملی میٹر، مالم جبہ 16، کالام 12 ، پنجاب میں فیصل آباد 100،گوجرانوالہ47 ، جھنگ 18، بہاولنگر 29 ،ٹوبہ ٹیک سنگھ 14 ملی میٹر بارش ہوئی ، آج وسطی پنجاب ،کشمیر سمیت دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے ۔سوات ، جنوبی پنجاب،مری اورکشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علا قوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔ ادھر ضلع لکی مروت میں قلعہ گراؤنڈ کے قریب کچی آبادی میں بارش سے مکان کی بوسیدہ چھت گرنے سے شوکت اﷲاور 2 خواتین جاں بحق ہو گئیں ۔دریں اثنا راول ڈیم میں پانی کی سطح 1 ہزار 750 فٹ ہونے پر صبح 6 بجے سپل ویز 6 گھنٹے کیلئے کھولے گئے اور پانی کی سطح 1 ہزار 749 فٹ آنے پر بند کر دیئے گئے ۔ ادھر گلگت بلتستان حکومت نے سیلاب متاثرہ 8 اضلاع کے 37 دیہات کو آفت زدہ قرار دیدیا، حکومت نے نقصانات کا تخمینہ 15 سے 20 ارب روپے بتایا ہے ،ابتک 10 افراد جاں بحق ،درجن افراد لاپتہ ہیں، وزیر اعلیٰ گلگت کے رابطے پر وزیر اعظم 4 اگست کو دورہ کرینگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں