نئے امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور سٹیٹسن سینڈرز نے ذمہ داریاں سنبھال لیں
لاہور(اپنے نامہ نگارسے )نئے امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور سٹیٹسن سینڈرز نے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔انہوں نے لاہور میں 35ویں امریکی قونصل جنرل کے طور پر جوائن کیا۔ یو ایس نیشنل ڈے کی تقریب کے دوران حاضرین نے سبکدوش قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز کو بھی الوداع کہا۔
تقریب میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے سنائے گئے ، امریکی خصوصی بینڈ نے سلامی دی۔ تقریب میں خصوصی طورپر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، حکومتی عہدیداروں، کاروباری شخصیات، سول سوسائٹی، میڈیا اور سفارتی کور کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔سٹیٹسن سینڈرز کا شمار امریکی محکمہ خارجہ کے بہترین اور قابل سفارتکاروں میں ہوتا ہے ۔ سٹیٹسن سینڈرز سفارتکاری میں 20سال سے زائد عرصے کا تجربہ رکھتے ہیں اور بین الاقوامی پراجیکٹ مینجمنٹ اور آپریشنز میں خدمات انجام دے چکے ۔اسکے علاوہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے میں جنرل سروس آفس کے نگران کی حیثیت سے لاجسٹکس، پروکیورمنٹ و دیگر آپریشنز میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔سٹیٹسن نے اس موقع پر کہا کہ میں پاکستان واپس آنے پر بہت پرجوش ہوں اور اس اہم کردار میں خدمات انجام دینے پر مجھے فخر ہے ۔ میں پنجاب بھر میں اپنے بہت سے شراکت داروں کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید گہرا کرنے کا منتظر ہوں۔گورنر سلیم حیدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا تعلقات مضبوط ہونا ایک نئے دور کا آغاز ہے اور قونصل جنرل سینڈرز کو خوش آمدید کہتے ہیں۔سابقہ قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے کہا کہ پنجاب میں امریکا کی نمائندگی کرنا ایک اعزاز کی بات ہے ، ایک بھرپور تاریخ، متحرک ثقافت اور فراخدلی سے مہمان نوازی کی۔