پیروں تلے سونا، گھروں میں بھوک ، ہمیں تعلیم دو:ہدایت بلوچ

 پیروں تلے سونا، گھروں میں بھوک ، ہمیں تعلیم دو:ہدایت بلوچ

لاہور (کورٹ رپورٹر،آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک )جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمن نے کہا ہے کہ 83 ارب روپے بلوچستان کی سکیورٹی پر خرچ ہوتے ہیں،ہمارے پیروں تلے سونا اور گھروں میں بھوک ہے۔

ہمیں کلاشنکوف کی نہیں پیناڈول کی گولی دو،قلم کتاب دو،ہم اپنے مسائل سے اسلام آباد والوں کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں، ہم پرامن احتجاج کرنا چاہتے ہیں مگر ہمیں اسلام آباد جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ،حکومت نے  لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج کی اجازت دی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا ہدایت الرحمن نے مزید کہا کہ بلوچستان میں 125 سے زائد قدرتی ذخائر موجود ہیں مگر وہاں کے لوگ اب بھی لکڑیاں جلا کر گزارا کرتے ہیں ،بلوچستان کی ماں کہتی ہے اس کے بچے کو لاپتہ نہ کرو،اس کو قانون کے مطابق سزا دو اگر جرم کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایم پی اے ہو کر پانچ دفعہ شناختی کارڈ دکھاتا ہوں ،ہم اسلام آباد جا کر ان سے سوال کرنا چاہتے ہیں کہ ہماری جانیں کیوں محفوظ نہیں؟ تعلیم، صحت، روزگار کیوں نہیں؟ سی پیک کا فائدہ بلوچستان کو کیوں نہیں ملا؟ ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں