لاہور : تیز ہوا کیساتھ موسلادھار بارش، سائن بورڈ گرنے سے شہری جاں بحق
لاہور،اسلام آباد(اپنے کامرس رپورٹر سے، کرائم رپورٹر،اپنے رپورٹرسے ،نیوز ایجنسیاں، دنیانیوز)لاہور میں تیز ہواکیساتھ موسلادھار بارش، اڑھائی گھنٹوں میں 89 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ، سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دیوار گرنے سے 4افراد زخمی ہوگئے۔۔۔
بارش کے باعث لیسکو کے 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ،فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ، جڑواں شہروں میں بھی بارش،راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذکرکے ریسکیواہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔ محکمہ موسمیات نے آج 4اگست سے 7اگست تک مون سون کے چھٹے سپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال سنگین اور فلش فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت سمیت دیگر علاقوں میں گزشتہ روز تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اڑھائی گھنٹے کے دورانیہ میں اوسطاً40.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، شہر میں سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب میں 89 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی،کئی اہم شاہراہوں پر پانی کھڑا ہو گیا جس سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہوتی رہیں ۔ چائنہ سکیم کے علاقہ سی بلاک میں سائن بورڈ گر نے سے نامعلوم شخص دم توڑ گیا۔دریں اثناء بادامی باغ عثمان چوک میں گھر کی چھت گرنے سے 4افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے ،ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا، دوسری جانب راوی روڈ سبزی منڈی پولیس چوکی کی دیوار بھی گر گئی، چوکی انچارج اور دیگر عملہ محفوظ رہا ۔علاوہ ازیں ملک میں بارشوں اور سیلاب سے 24 گھنٹوں میں 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے چھٹے سپیل بارے الرٹ جاری کرتے کہا ہے کہ آج 4 سے 7 اگست کے دوران لا ہور ،نارووال، ساہیوال، جھنگ ، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب ، جہلم ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، شیخوپورہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر تے ہو ئے کہا ہے کہ لاہور ، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ جبکہ بڑے دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے ۔ ادھر صبح کے وقت جڑواں شہروں میں بھی بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ پانی کی سطح بلند ہونے پر تربیلا ڈیم کے سپیل ویز کھول دیئے گئے ہیں ۔علاوہ ازیں دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر بدستور نچلے درجے کے سیلاب برقرار ہیں، تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے دریا کنارے کچے کی مزید دو بستیاں اور فصلیں زیر آب آگئیں،سیلاب متاثرین کی کشتیوں کے ذریعے نقل مکانی جاری ہے ۔دریں اثناء نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ملک بھر میں 26 جون سے اب تک مون سون کے دوران مختلف واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 299اورزخمیوں کی تعداد715 ہو چکی ہے ، اس دوران کل 1676 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں سے 562 مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں۔