عمران اور دوسروں کے پاس گنڈاپور کا متبادل نہیں :تھنک ٹینک

عمران اور دوسروں کے پاس گنڈاپور کا متبادل نہیں :تھنک ٹینک

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف تجزیہ کا ر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے جوعلی امین گنڈاپور کے حوالے سے بیان دیا ہے اس کے کئی پہلو ہیں،بات یہ ہے کہ عمران خان کی طرف سے جوجیل سے پیغام آتاہے اس کو سنجیدہ نہیں لینا چاہئے۔۔۔

کیونکہ وہ جیل میں ہیں اور ان کو ملک کے حالات کادرست علم نہیں ،دوسری بات یہ ہے کہ جیل سے پیغام براہ راست نہیں ہوتاوہ کسی کے ذریعے آرہا ہوتا ہے ، جب بانی باہر آکر بیان دینگے وہ پی ٹی آئی کی پالیسی ہوگی۔ دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک میں معروف تجزیہ کا ر سلمان غنی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی میں دو چیزیں ہیں ایک یہ کہ وہاں علی امین گنڈاپور کی کارکردگی،دوسری چیز عمران خان نے کہا ہے کہ اگر وہ ڈیلیور نہیں کرپاتے تووہ استعفی دے دیں،یہ بات تو واضح ہے کہ کے پی میں علی امین نے اپنے لیڈر عمران خان کیلئے بہت کچھ کیا مگر عوام کیلئے کچھ نہ کر پائے ،علی امین گنڈاپور کی عدم توجہ کے باعث پورا صوبہ جل رہا ہے ،عمران خان اور پارٹی علی امین گنڈاپور کو ہٹانانہیں چاہتے ۔ تجزیہ کا ر عثمان شامی نے کہا ہے عمران خان جیل میں ہیں اوروہ کنفیوژن کا شکار ہیں ،علی امین گنڈاپور جو ڈٰیل کرانے کی کوشش کرتے ہیں،یا ان کا رویہ نرم ہوتا ہے تو یہ بھی عمران خان کی ہدایت کی وجہ سے ہوتاہے ،عمران خان اور دوسرے فریق کے پاس کوئی متبادل نہیں لہذا علی امین گنڈاپور ہی تمام معاملات چلاتے رہیں گے ۔تجزیہ کا رڈاکٹر رسول بخش نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور وزیر اعلیٰ ہیں ،ہٹانے والی باتیں کسی بھی سیاسی رہنما کو نہیں کرنی چاہئے ، بلوچستان،سندھ، پنجاب، گلگت میں بھی حالات خراب ہیں،گورننس ہر جگہ بہت ہی بری ہے ،عمران خان نے ہٹانے کی بات کی ہے یا نہیں،اس کی پوری معلومات نہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں