پنجاب : زہریلی دھاتوں، صنعتی مادوں سے پاک کرنے کیلئے میگا آپریشن، سروے شروع

پنجاب : زہریلی دھاتوں، صنعتی مادوں سے پاک کرنے کیلئے میگا آپریشن، سروے شروع

لاہور(دنیانیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کو زہریلے صنعتی مادوں اور زہریلی دھاتوں سے پاک کرنے کے لئے میگا آپریشن کا حکم دے دیا،اس حوالے سے صوبہ بھر میں ہنگامی بنیادوں پر سروے کا آغاز کر دیا گیا۔۔۔

عوام میں مہلک بیماریاں پھیلانے کا سبب بننے والی صنعتوں سے نکلنے والے زہریلے کچرے اور مواد کو نہروں اور نالوں میں پھینکنے پر مکمل پابندی ہوگی۔ ویسٹ ٹریٹمنٹ کے بغیر ہاؤسنگ سوسائٹیاں بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ، 28 ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور صنعتوں کو نوٹس جاری کر دئیے گئے ۔ وزیراعلیٰ نے ہڈیارہ ڈرین میں زہریلا اور انسانی صحت کے لئے خطرناک کچرا ڈالنے کا سخت نوٹس لے کر اداروں کوصفائی کیلئے 10 اگست تک ڈیڈلائن دے دی۔مریم نواز کی ہدایت پر اس حوالے سے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس گزشتہ روز ہوا،جس میں انڈسٹریل یونٹس اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف فوری کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ۔

ماحول کے تحفظ کے ادارے (ای پی اے )کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ، آب پاشی، واسا، انڈسٹری، صحت، ایل ڈی اے سمیت دیگر متعلقہ محکمے مل کر میگا آپریشن کریں گے ، پنجاب بھر میں نہروں اور نالوں کا معائنہ ہوگا ۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت نے ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کے لئے صنعتوں کو بلا سود قرضے دینے کا فیصلہ کیا ہے ، سیکرٹری انڈسٹری کو قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں فوری ویسٹ واٹر پلانٹ لگانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے اجلاس میں حکم دیا کہ 31 اگست تک مکمل ہیلتھ سروے کی رپورٹ پیش کی جائے اور اس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے واضح کیا کہ 10 اگست سے فیصلہ کن کارروائی کا آغاز ہو گا، جس میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ آبپاشی، واسا اور دیگر ادارے مل کر مربوط آپریشن کریں گے تاکہ عالمی ماحولیاتی معیار کے مطابق نہروں اور نالوں کو صاف کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں