سینیٹ میں اعظم سواتی ،قومی اسمبلی کیلئے محمود اچکزئی اپوزیشن لیڈر؟
اسلام آباد(وقارعلی سید)پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کیلئے اعظم سواتی جبکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے محمود خان اچکزئی کا نام تجویز کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں ایوانوں کیلئے اپوزیشن لیڈرز کے نام شارٹ لسٹ کر دئیے گئے ہیں ،یہ دو نام بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ارسال کر دئیے گئے ، ذرائع کے مطابق آج توشہ خانہ ٹوکیس کی سماعت کے دوران وکلا نئی نامزدگیوں بارے بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت کریں گے ، اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور قومی اسمبلی میں نئے پارلیمانی لیڈر کی تقرری کیلئے بھی مشاورت آج متوقع ہے ، تاہم پی ٹی آئی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ محمود خان اچکزئی کا نام اپوزیشن الائنس کو تقویت دینے اور چیف الیکشن کمشنر کی جلد تقرری جیسے اقدامات کے لئے تجویز کیاگیا ،الیکشن کمیشن نے اپنے نوٹیفکیشن کے ذریعے فیصل آباد انسداد دہشتگردی کی عدالت پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سینیٹ سید شبلی فراز اور قومی اسمبلی عمر ایوب سمیت 9 اراکین پارلیمنٹ و پنجاب اسمبلی کو نااہل قرار دیا، جس کے بعد دونوں ایوانوں قائد حزب اختلاف کی نشستیں خالی ہوگئیں ہیں ۔