شاہدرہ :بل بورڈ بجلی کے تاروں سے چھو گیا، 4 افرادجاں بحق
لاہور،وہاڑی(کرائم رپورٹر، نمائندہ خصوصی، خبرنگار)لاہور کے علاقہ شاہدرہ میں دکان کی چھت پرنصب لوہے کا بل بورڈ اتارتے ہوئے بجلی کی تاروں سے چھوگیا جس سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب ریسکیو کو کرنٹ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی تو چاروں افراد جاں بحق ہو چکے تھے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پیرا فورس کی جانب سے دکانوں پر لگے بورڈ اتارنے کا کہا گیا تھا ،کاریگر نہ ملنے اور ایف آئی آر کے خوف سے دکاندار خود بورڈ اتار رہے تھے کہ حادثہ پیش آگیا،چار افراد دکان سے لوہے کا بل بورڈ اتار رہے تھے کہ اچانک بورڈ 11ہزارکے وی کی تاروں سے چھوگیا جس کے نتیجے میں عمارت میں کرنٹ آگیا، جاں بحق ہونیوالوں کے جسم مکمل طور پر جھلس گئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ شاہدرہ میں سروس روڈ پردولت خان بازارمیں پیش آیا، 4 افراد 100 روپے سیل والی دکان کا بورڈ اتار رہے تھے ، دو افراد دکان کے ملازم اور سیکنڈ فلورپررہائش پذیر تھے ، ایک مزدور اور ایک رکشہ ڈرائیور تھا۔ ریسکیو کی امدادی ٹیموں، واپڈا اہلکاروں اور مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر جھلسے ہوئے 4 افراد کی ڈیڈ باڈیز کو پونے گھنٹے بعد اتار کر ہسپتال منتقل کیا۔جاں بحق ہونے والے اویس حیدر اور نعمان خالد پیپلز کالونی ضلع وہاڑی کے رہائشی تھے جوروزگارکیلئے لاہو رآئے تھے ،ان کی میتیں آبائی علاقے میں پہنچاد ی گئیں جبکہ متوفی الماس باغبانپورہ اورندیم کھاڑک نالہ سبزہ زار لاہور کا رہائشی تھا۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے شاہدرہ کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے چار افراد کے جاں بحق ہونے کو دکاندار کی غلطی قرار دیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق بورڈ کو چھت پر چڑھانے کے اس عمل کی لیسکو کے کسی دفتر یا فرد کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی تاہم المناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے فوری انکوائری کا حکم دیا جس میں مذکورہ بالا تمام حقائق منظر عام پر آئے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ نے چار افراد کے جاں بحق ہونے پرسوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔