5 اگست احتجاج، لاہور میں پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف 10 مقدمے

5 اگست احتجاج، لاہور میں پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف 10 مقدمے

لاہور، اسلام آباد(کرائم رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے)تحریک انصاف کی جانب سے لاہور میں ریلی نکالنے اور احتجاج کرنے پر کارکنوں کے خلاف 10 مقدمات درج کر لیے گئے۔ مقدمات میں بغاوت، کارسرکار میں مداخلت، چوری کی دفعات شامل ہیں۔

مقدمات ماڈل ٹاؤن ، لیاقت آباد ، کوٹ لکھپت ، چوہنگ ، نواب ٹاؤن ،ملت پارک میں درج کئے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق پرتشدد احتجاج اور سڑک بلاک کرنے پر 129 افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ گرفتار ہونے والے 92 افراد دیگر شہروں سے لاہور احتجاج کرنے آئے تھے ۔ گزشتہ 3 روز میں تحریک انصاف کے 9 سو سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ۔ مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کے دوران دو سو سے زائد کارکن حراست میں لیے گئے ۔ تین اور چار اگست کو حراست میں لیے گئے متعدد کارکن ضمانت پر چھوڑے گئے ۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے پانچ اگست کے احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملے کیے ۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اہلکاروں کی وردیاں پھاڑ دیں۔ادھر جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد شائستہ کنڈی کی عدالت نے 5 اگست کے پی ٹی آئی احتجاج پر درج مقدمہ میں گرفتار7خواتین کارکنوں کو جوڈیشل اور 9مرد کارکنوں کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران وفاقی پولیس کی جانب سے تھانہ لوہی بھیر میں درج مقدمہ میں گرفتار16 مردو خواتین کارکنوں کو عدالت پیش کرتے ہوئے 7روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی،وکلاء صفائی نے جسمانی ریمانڈکی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ یہ سیاسی مقدمہ بنایاگیاہے اور ریمانڈ کا نہیں ڈسچارجگی کا کیس ہے ، کارکنوں سے کچھ بھی برآمد نہیں ہوا، عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعد ازاں عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔پاکپتن میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے 4 نامزد سمیت 37 کارکنوں کیخلاف تھانہ صدر فرید نگر اور تھانہ ملکہ ہانس میں 3 مقدمات درج کرلئے گئے ۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے 5 اگست کو مرکزی قیادت کی کال پر احتجاجی ریلی نکالی تھی۔ تھانہ صدر میں ضلعی صدر پی ٹی آئی عبد الرحمن وٹو سمیت 12کارکنوں ،تھانہ فرید نگر میں رانا فہد سمیت 15کارکنوں پر جبکہ تھانہ ملکہ ہانس کے علاقہ چانوٹ میں 10 کارکنوں پر مقدمات درج کئے گئے جن میں حکومت مخالف تقاریر اورسولہ ایم پی او کی دفعات شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں