کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے پر سینیٹرمشال یوسفزئی کا عدالت جانیکا فیصلہ
پشاور(دنیا نیوز)سینیٹر مشال یوسفزئی نے الیکشن کمیشن کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ 31 جولائی کو ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر سینیٹ کا الیکشن ہوا، کئی دن گزر جانے کے باوجود تاحال مشال یوسفزئی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔
نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے سے تاحال حلف برداری بھی نہ ہوسکی، خیبرپختونخوا سے باقی منتخب سینیٹرز کی حلف برداری کچھ ہی دن کے اندر ہوگئی تھی۔دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشال یوسفزئی نے کہا کہ امید ہے آنے والے کچھ دنوں میں نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا، علم نہیں کس وجہ سے الیکشن کمیشن نے میری بطور سینیٹر نامزدگی کا نوٹیفکیشن نہیں کیا۔ترجمان الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا سہیل خان نے کہا کہ مشال یوسفزئی کی تمام ضروری دستاویزات اسلام آباد الیکشن کمیشن کو بھیج دی ہیں، توقع ہے آج یا کل نوٹیفکیشن ہو جائے ۔