پشاورہائیکورٹ:نگران دورمیں بھرتی ملازمین کی برطرفی درست قرار
پشاور (این این آئی)پشاور ہائیکورٹ نے نگران حکومت کے دوران بھرتی ملازمین کی برطرفی کے خلاف دائر درخواستیں خارج کر دیں اور صوبائی حکومت کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔
عدالت کا 17 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہناہے کہ کے پی حکومت نے نگران دور میں سرکاری ملازمین کی تعیناتیوں کے خلاف قانون پاس کیا، نگران دور میں بھرتی کیے گئے 7 ملازمین نے متعلقہ ایکٹ کو چیلنج کیا، عدالت نے کہا کہ نگران حکومت کا کام الیکشن میں تمام سیاسی پارٹیوں کو یکساں مواقع فراہم کرنا ہوتا ہے ، قانون کے مطابق نگران حکومت مستقل تعیناتیاں نہیں کرسکتی، نگران حکومت کو پوسٹنگ ٹرانسفر کیلئے بھی الیکشن کمیشن سے اجازت لینا ہوتی ہے ۔فیصلے میں کہا گیا کہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے مطابق نگران حکومت نے اپنی آئینی حدود سے تجاوز کیا، نگران حکومت نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے 10 ہزار ملازمین کو بھرتی کیا، درخواستیں خارج کی جاتی ہیں۔