1لاکھ ٹن چینی درآمد کا ٹینڈر منسوخ،60گرانفروش گرفتار

1لاکھ ٹن چینی درآمد کا ٹینڈر منسوخ،60گرانفروش گرفتار

اسلام آباد،کراچی،لاہور (آئی این پی،این این آئی،اپنے سٹی رپورٹر سے ) وفاقی حکومت نے چینی کا ریٹ اور مطلوبہ معیار نہ ملنے کے باعث ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کا ٹینڈر منسوخ کر دیا۔

 ادھر چینی مہنگی بیچنے پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 60 دکا ندار گرفتار، 5 کیخلاف مقدمات درج جبکہ 705 افراد کو جرمانے کئے گئے ، دوسری طرف ملک میں چینی کی بلا تعطل فراہمی نہ ہونے کی وجہ سامنے آگئی، حکومت اور شوگر ملز مالکان کے درمیان معاہدہ کے باعث چینی ذخیرہ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کا ٹینڈر منسوخ کردیا ۔ذرائع کے مطابق ایک لاکھ ٹن چینی درآمد کے ٹینڈر میں چینی کا ریٹ اورسائز معیار کے مطابق نہیں ملا، امپورٹ کی بولی دینی والی تینوں کمپنیوں سے ڈیل فائنل نہ ہوسکی۔ ادھر لاہور میں سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ نے چینی کی سپلائی اور نرخوں کی مانیٹرنگ بارے اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، کین کمشنر پنجاب نوید شہزاد مرزا نے سپلائی چین بارے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 765 دکانداروں کیخلاف چینی کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری پر کارروائیاں کی گئیں، پنجاب بھر میں اب تک 1972 افراد کوگرفتار اور 335 کیخلاف مقدمات درج کروائے جا چکے ہیں ۔دوسری طرف ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ حکومت اور شوگرملز مالکان کے درمیان چینی کی قیمت کا فارمولا طے پایا تھا جس کے تحت جولائی کیلئے چینی کی ایکس ملز قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کی گئی اور ہر ماہ قیمت میں 2 روپے فی کلو اضافے پر بھی اتفاق ہوا تھا ،تین ماہ میں قیمت 171 روپے فی کلو تک ہونی ہے ۔ ذرائع کے مطابق قیمتوں میں طے شدہ اضافے کے پیش نظر چینی کی سپلائی محدود ہو رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں