جماعت اسلامی کا لاہور میں اجتماع عام منعقد کرنے کا اعلان

جماعت اسلامی کا لاہور میں اجتماع عام منعقد کرنے کا اعلان

لاہور(آئی این پی )جماعت اسلامی پاکستان نے 21 تا 23 نومبر کو لاہور میں اجتماع عام منعقد کرنے کا اعلان کر دیا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے۔

کہ 21، 22 اور 23 نومبر کو مینار  پاکستان گراؤنڈ میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا ، اس موقع پر بڑی تحریک کا آغاز ہوگا،اجتماع عام میں دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کے قائدین کو شرکت کی دعوت دیں گے ۔حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی نے طویل جدوجہد کرکے بڑی ٹیم تیار کی ہے ، اب جماعت اسلامی ملک کیلئے ایک بہترین اوراچھی آپشن بن کر سامنے آئے گی تاکہ گلے سڑے نظام سے جان چھڑوائی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں نوجوان مایوس ہیں کیونکہ نوکریاں ہیں نہ کوئی مستقبل، غریب کیلئے تعلیم کے دروازے بند ہیں ، ہم تعلیمی طور پر طبقاتی نظام میں تقسیم ہو چکے ۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ملک میں مخصوص طبقہ ہم سے جمہوری آزادی چھینتا اور معیشت کو برباد کرتا ہے ، پاکستان میں مزدوروں اور کسانوں کو کوئی حقوق حاصل نہیں،بے نظیر انکم سپورٹ قوم کو بھکاری بنانے اور سیاسی فائدہ حاصل کرنے کا پروگرام ہے ۔ٹھیکیداری نظام کے تحت خواتین سے کام لیا جاتا ہے انہیں تو ملازمت کے حقوق بھی حاصل نہیں،موجودہ حکومت اگر اچھا کام کرے گی تو مدت پوری کرلے گی ورنہ جماعت سے زیادہ حکومتیں گرانے کا تجربہ کس کو ہے ؟۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں