پی ٹی آئی کا14 اگست کو بھی 5 اگست جیسا احتجاج ہوگا، تھنک ٹینک
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف تجزیہ کا ر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا14 اگست کو احتجاج ہوتا ہے تویہ بھی 5 اگست والے احتجاج جیسا ہوگا۔
دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک میں میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا 5اگست کو لوگ بہت کم نکلیں گے ،اس وقت ایسا ماحول نہیں ہے کہ تحریک انصاف احتجاج کرکے حکومت کو دبائو میں لاسکے ، 14 اگست کو احتجاج کرنے کا فیصلہ اس لئے کیا ہوگا کہ تحریک انصاف کی یہ سوچ ہے کہ اس دن لوگ ویسے ہی باہر نکلے ہوں گے ،اس میں ہمارے بندے بھی نکل سکتے ہیں اور ہمارے کارکن گرفتاریوں سے بھی بچ جائیں گے ۔ معروف تجزیہ کا ر سلمان غنی نے کہا کہ احتجاج جمہوریت اور سیاست کا حصہ ہے ،یہ جو قومی ایام ہوتے ہیں یہ عوام کے اندر اتحاد ،یکجہتی کا باعث ہوتے ہیں،ماضی میں کسی سیاسی جماعت نے قومی ایام کو سیاسی مفاد کیلئے کبھی استعمال نہیں کیا۔14 اگست کے دن ہر بچہ، آدمی پاکستانی پرچم لے کر سڑکوں پر نکلتا ہے ، آزادی کے دن احتجاج کرنا ، اس سے باہر، دنیا میں اچھا پیغام نہیں جائے گا۔ تجزیہ کا رڈاکٹر رسول بخش نے کہا ہے کہ تحریک انصاف احتجاج کی بار بار کال اس وجہ سے دیتی ہے کیونکہ وہ سیاسی طور پر زندہ رہنا چاہتی ہے ،تحریک انصاف یہ سمجھتی ہے کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف نہیں مل رہا، اس وجہ سے صرف احتجاج ہی ان کے پاس آپشن بچا ہے ۔ تجزیہ کا ر خواجہ عمران رضا نے کہا ہے تحریک انصاف کے رہنما گرفتار ہیں، کارکنوں پر مقدمات بنائے جارہے ہیں، مذاکرات کے راستے بند ہونے کی وجہ سے تحریک انصاف احتجاج کی طرف آئی ہے ،اگر احتجاج جاری رہا تو سیاسی استحکام نہیں آئے گا اور نہ ہی معیشت بہتر ہوگی۔