26 ویں ترمیم کے بعد تو اور بھی بہت کچھ دیکھنا پڑیگا،سندھ ہائیکورٹ
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کے صوبائی محتسب کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں فریقین اور صوبائی محتسب اعلیٰ نے تحریری جواب جمع کرا دیا۔
صوبائی محتسب کے جواب میں مؤقف اپنایا گیا کہ مونس علوی کی درخواست ناقابل سماعت ہے اور اسے مسترد کیا جانا چاہیے کیونکہ دائرۂ اختیار سے متعلق معاملہ اس وقت سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے ، لہٰذا سندھ ہائیکورٹ اس درخواست کو سننے کی مجاز نہیں۔ سماعت کے دوران عدالت نے مونس علوی کے وکیل عابد زبیری ایڈووکیٹ کو جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت کی اور مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کے معاملے پر حکم امتناع میں 12 ستمبر تک توسیع کر دی۔جسٹس اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا کہ جب اپیل زیر سماعت ہے تو عہدے سے کیسے ہٹایا جا سکتا ہے ؟ اتنی بڑی سزا کیسے دی جا سکتی ہے ؟مونس علوی کے وکیل نے کہا کہ اس کیس میں بہت سی چیزیں پہلی بار دیکھ رہے ہیں۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کو بہت کچھ پہلی بار نظر آ رہا ہوگا، 26 ویں ترمیم کے بعد تو اور بھی بہت کچھ دیکھنا پڑے گا۔