مودی نے آپریشن سندور ،پلوامہ جیسے ڈرامے رچائے :راہول
اسلام آباد (دنیا رپورٹ)بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی پر بڑے پیمانے پر انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کر دئیے ۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہالیکشن نتائج کے بعد مودی نے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے "لاڈلی بہنا"، "آپریشن سندور" اور "پلوامہ" جیسے ڈرامے رچائے ۔مودی سرکار نے جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر انتخابی فراڈ کو ریاستی پالیسی بنا لیا ہے ، ووٹ کی اصل قدر ختم ہو چکی ہے اور ای وی ایم کے ذریعے نتائج پہلے سے طے کر لیے جاتے ہیں۔راہول گاندھی نے کہا کہ بہار الیکشن سے قبل ہی انہوں نے مودی کے جعلی مینڈیٹ کا بھانڈا پھوڑ دیا تھا۔ رائے شماری اور ایگزٹ پولز کچھ اور نتائج دکھاتے تھے جبکہ اصل نتائج بالکل مختلف ہوتے تھے ۔ راہول گاندھی کے مطابق الیکشن نتائج کے بعد مودی لاڈلی بہنا، آپریشن سندور اور پلوامہ جیسے قومی سلامتی کے ڈرامے رچا کر جھوٹا بیانیہ بناتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے پورے ملک میں ایک دن میں ووٹنگ ہوتی تھی مگر اب ای وی ایم کے باعث انتخابات مہینوں تک چلتے ہیں۔ ہریانہ، مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش میں پولز کے نتائج ہمیشہ زمینی حقیقت سے مختلف نکلے ۔ بی جے پی کے ووٹ بڑھانے کے لیے جعلی ووٹرز شامل کیے جاتے ہیں۔ صرف مہاراشٹر میں پانچ ماہ کے دوران اتنے نئے مشکوک ووٹرز شامل ہوئے جتنے گزشتہ پانچ سال میں نہیں ہوئے تھے ۔
راہول گاندھی کے مطابق لوک سبھا میں اپوزیشن اتحاد جیتا لیکن اسی ریاست کے اسمبلی انتخابات میں اپوزیشن کو مکمل شکست ہوئی۔ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں ایک کروڑ سے زائد ووٹ ایسے پڑے جو لوک سبھا میں رجسٹر ہی نہیں تھے ۔ الیکشن کمیشن نے شام 5:30 بجے زبردست ووٹنگ کا دعویٰ کیا مگر پولنگ اہلکاروں نے بتایا کہ اس وقت پولنگ سٹیشنز پر کوئی ہجوم نہیں تھا۔انہوں نے الزام لگایا کہ کئی بار درخواستوں کے باوجود الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ ڈیجیٹل فارمیٹ میں فراہم نہیں کی بلکہ 200 سے 300 کلو وزنی کاغذی ریکارڈ دیا۔ الیکشن کمیشن کا 45 دن میں سی سی ٹی وی فوٹیج تباہ کرنے کا فیصلہ بھی مشکوک تھا اور اس کا مقصد حقائق چھپانا تھا۔راہول گاندھی نے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس کو 16 نشستوں کی امید تھی مگر صرف 9 ملیں۔
ایک اسمبلی حلقے میں 102500 جعلی ووٹ، 33692 غلط اندراجات، 11965 ڈپلیکیٹ ووٹرز اور جعلی پتے سامنے آئے ۔ مہادیواپورہ حلقے میں بی جے پی نے 114000 ووٹ کی برتری حاصل کی جبکہ وہ اسی حلقے کی 7 میں سے 6 اسمبلیاں ہار چکے تھے ۔ بنگلور سینٹرل میں بھی ایک لاکھ سے زائد ووٹ جعلی طریقے سے ڈالے جانے کا انکشاف ہوا۔انہوں نے کہا کہ نئے ووٹروں کی فہرست میں ایک بھی نوجوان شامل نہیں تھا، تمام نام جعلی شناختوں پر مشتمل تھے ۔ ان کے بقول الیکشن کمیشن کا پورا نظام بی جے پی کے مفادات کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ مودی راج نے جمہوریت کے تقدس کو پامال کیا اور اب سچ چھپ نہیں سکتا۔راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ ای وی ایم، جعلی ووٹرز اور اداروں کی خاموشی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ مودی راج میں جمہوریت صرف دکھاوا ہے اور حقیقت میں اس کا جنازہ نکل چکا ہے ۔